گوجرانوالہ میں پولیس نے ایک مدرسے پر چھاپہ مار پر غیر قانونی طور پر مقیم چونتیس افغان بچوں کو حراست میں لے لیا۔ کوتوالی پولیس کی جانب سے مدرسے پر چھاپے کے دوران حراست میں لئے جانے والے افغان بچے قانونی دستاویزات کے بغیر مقیم تھے، ان کی عمریں نو سے چودہ سال کے درمیان ہیں۔ پولیس نے مدرسے کے ایک قاری تاج محمد کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ مہتمم فرار ہو گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار ہونے والے بچوں کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا۔ فاضل جج نے بچوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر بچوں کو ڈی پورٹ کرنے کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا جائے گا۔