گوجرانوالہ کی حبریں 27.01.2013

اُسو ہ رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم پر پوری طرح عمل پیرا ہو کر ہی انسانیت کی معراج کو پہنچا جا سکتا ہے ایچ آر اینڈ ایڈمن ڈائریکٹر حشمت علی کاظمی

گوجرانوالہ(جی پی آئی)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کے ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈ منسٹریشن ڈائریکٹر حشمت علی کاظمی نے کہا ہے کہ اُسو ہِ رسول صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم پر پوری طرح عمل پیرا ہو کر ہی انسانیت کی معراج کو پہنچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دیگر آسمانی کتب میں بھی رسول کریم صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی آمد کا ذکر کیا ہے نبی آخر الزمان صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی آمد کیلئے تمام پیغمبروں نے دعائیں مانگی ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں 12ربیع الاوّل کے سلسلہ میں منعقدہ جشنِ میلاد کی پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرمینجر ایڈمن محمد صدیق اور محمد ظہر عرفان نے بھی خطاب کیا ۔ تلاوتِ قرآن پا ک چوہدری محمد اکبرنے کی جبکہ صفدر قادری، ناصر ڈار اور واجد علی شاہ نے نعتیہ کلام پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیرت طیبہ سے آگاہی ہمارے لئے ذریعہ نجات ہے۔ نبی آخرالزامان صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی رحمت تمام جہانوں اور ادوار پر محیط اور زمان و مکان کی قیود سے ماوراء ہے۔حضور پاکصلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کا میلاد منانا نہایت خوش بختی اور سعادت کی بات ہے۔ آقا ئے نامدار صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دورِ حاضر کے تمام بحرانوں سے نمٹا جا سکتا ہے نئی نسل کو دینی تعلیمات سے روشناس کروانے کیلئے ایسی محافل کا انعقاد از حد ضروری ہے۔ رسول اکرم صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کامل ایمان کی نشانی ہے ۔محفل میلاد مصطفیٰ میں چیف انجینئر جاوید اقبال گھمن، مینجر میٹریل مینجمنٹ اورنگزیب ملہی، ڈپٹی مینجرز میجر(ر) فرحان نذیر، میجر (ر) وامق پرویز،محمد افضل مُغل، محمد جہانگیر رانا، اسسٹنٹ مینجر محمد طارق، اظہر یعقوب، سی بی اے کے جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خان ، احسان مانگٹ سمیت افسران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ ہیڈ کوارٹر میں چراغاں بھی کیا گیا اور تقریب کے شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ انتخابات کے انعقاد کو جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کو ذریعہ قرار دیتی ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ انتخابات کے انعقاد کو جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کو ذریعہ قرار دیتی ہے، ماضی میں انتخابات وقت پر ہوتے رہتے تو ملک کے مسائل میں اضافہ نہ ہوتا، ضیاء الحق کے مارشل لاء سے ملک میں جمہوری نظام ختم ہو گیااور اس دور کے پیدا کردہ مسائل کو آج تک عوام سامنا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 98 کے علاقہ موڑ ایمن آباد پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے کیونکہ وہ عوام کے مسائل کا حل چاہتی ہے، عام انتخابات کے انعقاد کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی۔ میاں محمد ارقم خاں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بے مثال کارکردگی پر ہی کامیاب ہو گی اور اس کے خلاف سازشیں کرنیوالے ناکام ہو جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور نہ سمجھا جائے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور نہ سمجھا جائے بھارت کسی بھول میں نہ رہے، ذوالفقار علی بھٹو نے دور اندیشی سے کام لیتے ہوئے جو ایٹم بم ہمیں دیا وہ آج ہماری حفاظت کر رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے لئے جو خدمات انجام دی وہ آج بھی تاریخ کے اوراق میں زندہ ہیں، کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کا ماضی سب کے سامنے ہے، اس نے پاکستان کیخلاف سازش کرنے کا موقع کبھی ہاتھ سے ضائع نہیں ہونے دیا، بھارت نے کشمیریوں پر جو مظالم کئے وہ بھار ت کے آئندہ کے عزائم کا اندازہ لگانے کے لئے کافی ہیں۔ پوری قوم ملک کے دفاع کے لئے متحد ہے، پاکستان کے عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دنیا کو معلوم ہو جانا چاہیے کہ اس خطے میں کون امن چاہتا ہے اور کون امن کی فضا خراب کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کے لئے کوشش کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے راہنمائوں چودھری شاہد منیر گوندل، چودھری رضوان چیمہ، اور دیگرٰ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قرآن پاک میں جو نظام بتایا گیا ہے وہی انصاف پر مبنی ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) جماعت اسلامی کے راہنمائوں چودھری شاہد منیر گوندل، چودھری رضوان چیمہ، محمد یحییٰ بٹ، طارق جاوید بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قرآن پاک میں جو نظام بتایا گیا ہے وہی انصاف پر مبنی ہے۔ جب تک قرآن کا نظام اس ملک میں نافذ نہیں ہوگا عدل و انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے اور نہ ہی پاکستان حقیقی معنوں میں خودمختار بن سکتا ہے، ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے سعی کرنا ہوگی اور اس کے لئے سب سے پہلے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ سے پیچھا چھڑانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے اس کے پاکستان میں دو مقاصد ہیں، ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہ ہونے دینا،انہوں نے کہاکہ اس وقت اگر کوئی جماعت بھر پو رانداز میں امریکی نام نہاد جنگ کے خلاف کھڑی ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔