گوجرانوالہ کی خبریں 30.01.2013

انتخابی اصلاحات مفاد پرستوں کیلئے گلے کا پھندا ثابت ہوں گی : فضل کریم
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم ایم این اے نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات مفاد پرستوں کیلئے گلے کا پھندا ثابت ہوں گی،الیکشن کمیشن نے اپنی قومی ذمہ داری پوری کی تو جرائم پیشہ افراد انتخاب سے باہر ہو جائیں گے،آئین کی شق62-63پر عمل سے سیاست کی تطہیر ہو گی۔انہوں نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوء کہا کہ جمہوریت کے علمبردار بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں،سنی اتحاد کونسل 5فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منائے گی،کشمیری حریت پسندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلوس اور جلسے منعقد کئے جائیں گے۔صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اقتدار کیلئے رائیونڈ میں جمع ہونیوالے عوامی مسائل حل کرنے اور کراچی وبلوچستان کو بچانے کیلئے جمع کیوں نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں آئندہ ماہ خوفناک خونریزی کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے،وزیرداخلہ رحمن ملک عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی بجاء دہشت گردی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے ترمیمی بل کا خیر مقدم کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے کام کر سکیں گی نہ ہی چندہ جمع اس سے فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کو بطور نگران وزیراعظم قبول نہیں کریں گے کیونکہ وہ شان رسالت ایکٹ میں ترمیم کی حامی ہیں،پاک فوج اور عدلیہ پر بھی ان کے حملے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے فیصلہ واپس لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک کے چپے چپے میں تاریخ کی کرپٹ ترین وفاقی حکومت کے نوحے پڑھے جا رہے ہیں: خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین و مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ ملک کے چپے چپے میں تاریخ کی کرپٹ ترین وفاقی حکومت کے نوحے پڑھے جا رہے ہیں، وفاق میں بیٹھے عیاش ٹولے نے مسائل حل کرنے کی بجائے پانچ سال عوام کا تماشا دیکھنے میں گزار دیئے، عوامی احتساب کا وقت آن پہنچا ، عوام الیکشن میں کرپٹ اتحادیوں اور کرائے کے انقلابیوں کا وہ حشر کریں گے کہ دنیا دیکھے گی ، نواز شریف عزم و ہمت اورعوام کی طاقت سے ملک کی تقدیر بدل دیں گے، ملک بھر کے عوام کو یقین ہے کہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کو اجالوں اور روشنیوں والا ملک بنا ئے گی جہاںہر شخص کو عزت والا روزگار میسر ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناصر کالونی میں نوتعمیر شدہ گلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بجلی اور گیس لوٹنے والے لٹیر وں کو دوبارہ اقتدار میں آنے کا کوئی حق نہیں، زرداری ٹولہ لوگوںسے ووٹ مانگنے کے بھی قابل نہیں رہا۔ اس موقع پر خلیل بٹ،طارق سعید،عمران مہر، رانا صدیق،مقصود مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمرانوں کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دینگے’خواجہ طارق جاوید نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)راہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)اور سابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک اور خواجہ غیور نائیک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ عوام اور مظلوموں کی خدمت کی سیاست کی ہے اورہم نے ہمیشہ قبضہ مافیا’چوروں’ڈکیتوں کی سرپرستی کرنیوالے عناصر کی بیخ کنی کی ہے’اور حکمرانوں کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دینگے اگر حکمرانوں نے الیکشن کرانے میں تاخیری حربے استعمال کیے تو پاکستان مسلم لیگ(ن)عوام کیساتھ مل کر انہیں اٹھا کر اقتدار سے باہر پھینک دینگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سروے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت واضح ہو گئی ہے ‘مسلم لیگ (ن)کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف حکمران الیکشن ملتوی کرانے اور اقتدار کو طول دینے کیلئے مصروف عمل ہیں اور طرح طرح کے شوشے چھوڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں’آخر میں انہوں نے کہاکہ عوام اپنے دور اقتدار میں دکھ دینے والے حکمرانوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچانے کیلئے الیکشن کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کے خلاف آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی:خواجہ انوار احمد شیخ
گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر پیپلزپارٹی خواجہ انوار احمد شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کے خلاف آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی، پیپلزپارٹی جمہوریت، الیکشن اور جمہوری اداروں پریقین رکھتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریس کورس روڈ پر منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سے یہ توقع کرنا کہ وہ جمہوریت مخالف قوتو ں کا ساتھ دے کر الیکشن ملتوی کرے گی درست نہیں ‘انہوں نے کہاکہ جس پارٹی کے لیڈروں نے جمہوریت کی بقاء کیلئے قربانیاں دی ہوں وہ کیسے جمہوریت کے خلاف چل سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن اپنے وقت پر ہونگے اور ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کررکھی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ( ن) نے آئندہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ میدان میں آنے کی مکمل تیاریاں شر وع کردی ہیں:عامر یعقوب
گوجرانوالہ (جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی راہنما عامر یعقوب وڑائچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن) نے آئندہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ میدان میں آنے کی مکمل تیاریاں شر وع کردی ہیں اور پاکستان کی عوام کر پٹ ٹولے کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کر نے کے لئے تیار ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف مسائل کا سامنا ہے جن میں توانائی بحران اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل شامل ہیں جسکی وجہ سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن) نے ہمیشہ عوامی اُمنگوں کے مطابق فیصلے کئے ہیں اور آئندہ الیکشن میں بھر پور کامیابی مسلم لیگ ( ن) کوہی حاصل ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام کا مزاج بدلتے دیر نہیں لگتی مقبولیت کا سروے صرف باتوں تک محدود ہے:میاں محمد ارقم خاں
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہاہے کہ عوام کا مزاج بدلتے دیر نہیں لگتی مقبولیت کا سروے صرف باتوں تک محدود ہے، ملک میں جمہوری روایات کو مستحکم کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کا کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں حلقہ پی پی 98 کے مختلف علاقوں سے آنیوالے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میاں ارقم خاں کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری انتخابات سے دور لے جانے کی سازش ہے جب حکومت نے کہہ دیا کہ الیکشن وقت پر ہونگے تو اس کے باوجود عوام میں مایوسی پھیلانا سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ملک میںجمہوری روایات کو مستحکم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔ میاں ارقم خاں کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات میں بہتری درست اور جائز اقدام ہے، جمہوریت کی بساط لپیٹی گئی تو جمہوری عمل سے عوام کا اعتبار اٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نگران حکومت کا معاملہ جان بوجھ کر الجھا رہی ہیں اس صاف ستھرا طریقہ یہی ہے کہ نگران حکومت کیلئے موجودہ حکومت عوام اور اپوزیشن جماعتوں کی اتفاق رائے کو شامل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔