گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کا پرنم آنکھوں کے ساتھ الوداعی خطاب

Latif Khosa

Latif Khosa

گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کارکنوں سے الوداعی خطاب میں جذباتی ہوگئے اور آنکھوں میں آنسو لئے جانے انجانے میں کی جانے والی غلطیوں پر معافی مانگ لی ، پیپلز پارٹی پنجاب نے کھوسہ کی خدمات پر قرارداد تحسین پاس کرتے ہوئے نئے گورنر سے سیاسی محاذ پر بہت سی امیدیں وابستہ کرلیں۔

گورنر ہاؤس میں پارٹی اجلاس سے الوداعی خطاب میں گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عہدے، گورنر شپ ، وزرارتیں سب کچھ پارٹی کی مرہون منت ہے۔ وہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ہر وقت پارٹی کے لئے دستیاب ہوں گے۔ گورنر پنجاب اس قدر جذباتی ہوئے کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور پارٹی کارکنوں سے جانے انجانے میں ہونے والی غلطیوں پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔

پارٹی نے بھرپور انداز سے لطیف کھوسہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ جیالوں کی گورنر لطیف کھوسہ سے محبت اپنی جگہ مگر پارٹی قیادت نے اب آنے والے گورنر مخدوم احمد محمود سے اپنی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔ پارٹی قیا دت کا کہنا ہے کہ نئے گورنر سے پارٹی مضبوط ہوگی۔

پارٹی اجلاس میں بے نظیر بھٹو کی برسی میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ پنجاب سے قافلے چھبیس دسمبر کو گڑھی خدا بخش کے لئے روانہ ہوں گے۔ اجلاس میں بشیر بلور کی شہادت پر قرار داد مذمت پاس کی گئی۔