گیاری سیکٹر میں امدادی کارروائیوں کو ایک ماہ ہو گیا

Siachen

Siachen

گیاری سیکٹر : (جیو دیسک)گیاری سیکٹرمیں برفانی تودے تلے دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے جاری ریسکیو آپریشن کو ایک ماہ ہوگیا ہے،تمام ترمشکلات کے باوجودامدادی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔سیاچن کے گیاری سیکٹر میں موسم سخت ہے مگرریسکیو آپریشن میں مصروف اہلکاروں کے عزم چٹان کی مانند مضبوط اورحوصلے پہاڑوں جیسے بلند ہیں۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے تین مئی کومسلسل تیسرے دورے کے بعد جوانوں کی ہمت مزید بڑھ گئی ہے۔ گیاری سیکٹر سانحے کو ایک ماہ ہوگیا ہے۔امدادی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔

جائے حادثہ پرمزید مقامات پرکھدائی شروع کردی گئی ہے۔ ملبے میں دبے بٹالین ہیڈکوارٹرکے ممکنہ مقام تک پہنچنے کیلئے چالیس فٹ چوڑا راستہ تیارکیا گیا ہے،جہاں اسی فٹ گہری کھدائی مکمل ہوگئی ہے۔موسمی حالات اوروقفے وقفے سے گرنیوالے چھوٹے بڑے تودوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔اس کے باوجود امدادی کام احتیاطی تدابیر کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔