گیاری میں تودے تلے دبے تمام فوجیوں کو شہید قرار دیدیا گیا

Siachen

Siachen

سیاچن : (جیو ڈیسک) پاک فوج نے گیاری میں دبے تمام فوجیوں کو شہید قراردے دیا۔ تمام شہداء کے جسد خاکی ملنے تک سرچ آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعہ کے سماجی اور معاشی اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے مذہبی علماء سے مشاورت کی گئی۔ اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ورثاء کے مسائل اور مشکلات کو کم کرنے اور قانونی دستاویزی تقاضے پورا کرنے کیلئے تمام فوجیوں کو شہید قرار دے دیا جائے۔ آئی ایس پی آر نے کہاکہ فوجیوں کوشہید قراردینے کا فیصلہ فخراور دکھ کے ملے جلے جذبات سے کیا جا رہا ہے۔ موسمی اور مشکل جغرافیائی حالات کی وجہ سے سرچ کے کام میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں تاہم باقی ماندہ تمام شہدا کے جسدخاکی تلاش کیے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔

گیاری میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ 52 روز قبل پیش آیا تھا ، اس میں 139 فوجی اور اہلکار دب گئے تھے ۔ دو روز قبل وہاں سے پہلے شہید فوجی کا جسد خاکی ملا۔ اس کے بعد مزید دو فوجیوں کی میتیں بھی نکالی گئیں۔ میتیں ملنے والے تین شہدا میں ضلع گانچھے کی تحصیل ڈغونی سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد الیاس، آزاد کشمیر ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے رہائشی سپاہی راشد حسین اورستک چن کے رہائشی شہید سپاہی محمد حسین شامل ہیں۔ تینوں شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جاچکا ہے۔