گیلانی نے عہدہ نہ چھوڑا تو ملک گیر احتجاج کرینگے، نواز شریف

nawaz sharif

nawaz sharif

لاہور : (جیو ڈیسک)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی فوری مستعفی ہوجائیں اجر انہوں نے عہدہ نہ چھوڑا توملک گیر احتجاج کرینگے۔ وہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت سے سزا ملنے کے بعد یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم کا عہدہ اور اسمبلی رکنیت کھو چکے ہیں. وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے کسی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔میاں نواز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کسی دوسری جماعت کا نیا وزیر اعظم انہیں قبول ہے۔ انہوں نے سوئس مقدمات اور رقم کی واپسی کا مطالبہ دہرایا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ اب اپوزیشن جماعتوں اور وکلا سے رابطے ہونگے عوام تیار رہیں تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔