پاکستان دوہزار بارہ میں چار ملکی ہاکی سمیت تین بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان کے کھیلوں کے سونے میدان چین کی ہاکی ٹیم کے دورے کے ساتھ آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ کے مطابق پاکستان دوہزار بارہ میں تین ٹورنا منٹس کی میزبانی کرے گا۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ مارچ اپریل میں پاکستان میں چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ منعقد ہو گاجس کے لئے مختلف ٹیموں سے مذاکرات جاری ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان ایشین کلب چیمپئن شپ اورایشین انڈور چیمپئن شپ کی بھی میزبانی کرے گی۔ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجودکوچ مشل وان ڈین کو برقرار رکھنے کے بارے میں سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ ڈچ کوچ سے اولمپک گیمز تک معاہدہ ہے اور وہ اپنے عہدے کی میعاد پوری کریں گے۔