افلا تتفکرون(الانعام: 50) کیا تم غور و فکر نہیں کرتے……۔
World map people
آج میرا موضوع پاکستان اور مصر کا لباس ہے ؛ مگر پہلے ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ لباس آخر کس چیز کا نام ہے؟ کیا یہ دین کو محدود کر دینے کا نام ہے،یا فرقہ واریت اور جماعتوں کو جنم دینے کا نام ہے، یا صرف جسم کو چھپانے کا نام ہے؟تو آئیے پہلے اسکا معنی دیکھتے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ قرآن نے کیا کہا ہے؟
لغوی اعتبار سے لباس ہر اس چیز کا نام ہے جو جسم کو چھپالے ، اور اسی معنی میں قرآن نے سورہ بقرہ میں اسے یوں بیان فرمایا ہے : ” ھن لباس لکم و انتم لباس لھن ”(187) (تم (اپنی بیویوں ) کیلئے اور وہ تمہارے لئے پردہ ہیں)، اب ہم دیکھتے ہیں کہ قرآن کی نظر میں لباس کا مقصد کیا ہے؟ تو ارشاد باری ہے : ” آد م او رحوا اپنے اپنے جسموں کو جنت (کے درخت )کے پتوں سے چھپانے لگے” (اعراف: 22) یعنی لباس کا مقصد جسم کو چھپانا ہے تو پتہ چلا کہ جو چیز بھی جسم کو چھپالے وہ لباس ہے اور بس ،چاہے جو بھی ہو، ایک دوسری جگہ ارشاد ہے: ” ان یدنین علیھن من جلابیبھن ” (الاحزاب: 59) (اور وہ (عورتیں ) اپنے اوپر چادر ڈال لیا کریں) ” ، اگر چہ یہ آیت عورتوں کیلئے پردے کے حکم کیلئے نازل ہوئی لیکن ہمیں اس سے مزید تفصیل معلوم ہوئی کہ عورت کا لباس ایسا ہونا چاہئے کہ جو اسے اسطرح چھپالے کہ جسم کی ساخت ظاہر نہ ہو سکے، کیونکہ لفظ ” جلباب ” جسکی جمع ” جلابیب ” آتی ہے ، اس برقعے کو کہتے ہیں جو کپڑوں کے اوپر پہنا جاتا ہے اور سارے جسم کو ڈھانپ لیتا ہے۔
تو مذکورہ بحث سے ہمیں یہ معلوم ہو اکہ جو چیز جسم کو ڈھانپ لے اسے لباس کہتے ہیں چاہے وہ شلوار قمیص ہو، عربی جبہ ہو ، تہہ بند ہو یا پینٹ شرٹ ہو وغیرہ وغیرہ، اور لباس کو کسی جماعت کے ساتھ خاص کر دینا یہ ذاتی مفاد تو ہو سکتا ہے لیکن اسلام کا حکم نہیں ہو سکتا، اور دوسری با ت یہ کہ لباس کا تعلق آب و ہوا او رہر علاقے کی ثقافت کے ساتھ ہو تا ہے نہ کہ دین کے ساتھ،اور اسی طرح اسکا تعلق ہر انسان کے کام کرنے کے حوالے سے ہوتا ہے اور میرے مشاھدے میں بھی یہ بات آئی ہے کہ عام طور پر سردی میں موٹا اور تنگ جبکہ گرمی میں پتلا اور ہلکا سا لباس پہنا جاتا ہے ،اس لئے ہم دین کو لباس یا لباس کو دین کے ساتھ خاص نہیں کرسکتے کیونکہ اسطرح تو اسلام ایک محدود اور تنگ سا دین بن کر رہ جاتا ہے جبکہ اسلا م ایک بہت وسیع اور فطری دین ہے ۔ (باقی اگلی قسط میں)
میری اس کوشش کا مقصد آپکو غور و فکر کی دعوت دینا ہے تاکہ آپ لوگوں کی باتوں میں آ کر اسلام سے بیزار نہ ہوں بلکہ خود بھی کچھ سوچیں۔ یہ میرا خیال ہے اور آپکی آراء کا مجھے انتظار رہے گا…..
میرا خیال ہے… ہمارا لباس (قسط:1) کاشف محمود الازھری kmmurtzai@yahoo.com