ہم تمام مسیحی کمیونٹی صدیقی لاثانی سرکار کیساتھ 12ربیع الاول کا دن بھی اسی جوش وخروش کیساتھ منائیں گے۔میڈم طاہرہ انجم
Posted on January 3, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
فیصل آباد : آستانہ عالیہ لاثانیہ پر سالانہ بین المذاہب امن سیمینار بعنوان”امن کے پیامبر”بسلسلہ یوم ولادت حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا انعقاد چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس عظیم الشان سیمینار میں مذاہب عالم بالخصوص مسیحی کمیونٹی کی معروف شخصیات نے شرکت کی اور دور حاضر میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت واہمیت سمیت امن کے پیامبر کوبھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
صوفی مسعود احمد صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آپ سے بہت سے معجزات ظاہر ہوئے ،ایک مرتبہ جب آپ سے لوگوں نے کہا کہ ہمارے لئے پکے پکائے کھانے اپنے رب سے مانگیں کیا آپ کا رب ایسا کرسکتاہے تو آپ نے اللہ تعالیٰ کے حضور دست دعا بلند کئے تو اسی وقت آسمانوں سے پکے پکائے کھانے (مچھلی ،ترکاری،روٹیاںوغیرہ) حاضر خدمت کردی گئیں ،تو اس وقت بہت سے ایسے لوگ تھے جو بیمار تھے کھانا کھاتے ہی اللہ تعالیٰ نے انہیں شفا یابی بخشی،اپاہجوں نے کھایا تو تندرست ہوئے،اندھوں نے کھایا تو بینائی عطا ہوگئی۔اللہ تعالیٰ کے تمام انبیاء کرام علیہ السلام بہت برگزیداو رمحبوب بندے ہوتے ہیں جو مخلوق خدا کی طرف ہدایت کیلئے بھیجے جاتے ہیں۔
جو لوگ بھی ان کی باتیں مانتے ہیں وہی ہدایت پاتے ہیںاللہ تعالیٰ کا حقیقی اور سچا پیروکار وہی ہوتا ہے جو تمام انبیاء کرام کوسچے دل سے تسلیم کرتا ہے اور ان کا ادب واحترام کرتا ہے۔دیگر مقررین میں لارڈ بشپ شمس پرویزنے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ہمارے امن کے شہزادے کا یوم ولادت سفیر امن لاثانی سرکار منار ہے ہیں۔میجر ریٹائرڈپاسٹر کرامت گل نے کہا کہ آج لاثانی سرکا رکی وجہ سے ایک پاک محفل سجا کربیٹھے ہیںجس میں اللہ کی رضا وخوشنودی بھی شامل ہے۔ڈاکٹر ایلون شہزاد سہوترانے کہا کہ لاثانی سرکار کے اخلاق اور پیار سے میرا دل تو آستانہ لاثانیہ پرہی رہ گیا ہے۔ڈاکٹر پاسٹر گبرائیل نے کہا کہ لاثانی سرکار کاامن مشن پاکستان سمیت پوری دنیا میں انقلاب برپا کردیگا۔
کمال چغتائی ایڈووکیٹ (ایم پی اے )نے کہا کہ میں لاثانی سرکار کو” وارث الیسوع مسیح”کا خطاب دیتاہوں۔میڈم طاہرہ انجم نے کہا کہ ہم تمام مسیحی کمیونٹی صدیقی لاثانی سرکار کیساتھ 12ربیع الاول کادن بھی اسی جوش وخرو ش کیساتھ منائیں گے ۔پاسٹر اجمل چغتائی نے کہا کہ آستانہ لاثانیہ مذاہب عالم کیلئے امن کاگہوارہ ہے۔میاں محمد اجمل (سیکرٹری انفارمیشن PML(N))نے کہا کہ صوفیاء بالخصوص لاثانی سرکار کاآستانہ رشدو ہدایت کا مرکز ہے۔اس پروقار تقریب میں مشائخ عظام کی طرف سے پیر لیاقت علی نقشبندی ،پیر رانا محمد طاہرنقشبندی ،رفاقت علی نقشبندی ،محمد احسان نقشبندی ،پیر محمد ناصرعلی گل نقشبندی ،پیر نذیر حسین نقشبندی ،پیر مختار احمد نقشبندی ،پیر اعجاز احمد باباجی سرکار ،پیر حاجی محمد افضل نقشبندی ،پیر محمد صادق چشتی نقشبندی سمیت بین المذاہب امن اتحاد ،لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن ،ماہنامہ لاثانی انقلاب انٹرنیشنل ،لاثانی نعت وکلام کونسل اور آل پاکستان صوم وصلوٰة کمیٹی کے مرکزی عہدیداران سمیت مردوخواتین کمیونٹی ورکرز کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار کے اختتام پر صوفی مسعود احمد صدیقی نے مشائخ عظام اور مسیحی کمیونٹی کیساتھ مل کر ”یوم ولادت حضرت سیدنا عیسیٰ کی سالگرہ کا کیک کاٹا ”جس کے بعد معزز مہمانان گرامی کیلئے پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیاگیا ۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد ریحان نقشبندی نے سرانجام دئیے۔