فلم ہیری پوٹر نے جہاں بچوں کی فکشن موویز کے انداز بدل دیئے، وہیں اس فلم سے دو بچوں کی قسمت بھی بدل گئی ۔ چھوٹا سا اک بچہ ہوں پر کام کروں گا بڑے بڑے۔ یہ نظم یقینا شہرہ آفاق فلم ہیری پوٹر کے ہیرو ڈینل ریڈ کلف نے اپنے بچپن میں خوب گنگنائی ہو گی۔ فلم ہیری پوٹر نے جہاں اور بہت سے ریکارڈ بنائے ہیں وہیں ہیرو ڈینئل ریڈ کلف کے لئے یہ فلم لکشمی میہ یعنی دولت کی دیوی بنی ہوئی ہے، جی ہاں کل کا بچہ یہ بائیس سالہ نوجوان آج امیر ترین برطانوی اداکاروں میں سر فہرست ہے۔ ہیٹ میگزین کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ڈینئل ریڈ کلف اس عمر میں اسی ملین ڈالر کما چکا ہے اور اس فہرست میں وہ پہلے نمبر پر ہے ۔ ہیری پوٹر فلم کی ہیروئن ایما واٹسن چوتھی پوزیشن پر ہے۔ جو دو کروڑ تیس لاکھ ڈالر کماکر بہت سے بڑوں کو بھی پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ کہتے ہیں بعض لوگ سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا ہوتے ہیں ، ان دونوں کے ساتھ ایسا تو کچھ نہیں ہوا،لیکن قسمت کی دیوی ان پر اس طرح مہربان ہوئی کہ آج ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑھائی میں ہے۔