یمنی صدر علی عبداللہ صالح کی وطن واپسی کے ساتھ ہی صنعا میں خانہ جنگی شدت اختیار کرگئی اور یمنی فوج ومنحرف قبائلیوں کے درمیان تازہ جھڑپوں میں مزید 6 افراد ہلاک اور درجنوں شدیدزخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ٹی وی پر صدر علی عبداللہ صالح کی واپسی کی خبر نشر ہوتے ہی شمالی علاقے الحاسبہ میں شدید جھڑپیں پھوٹ پڑیں جبکہ دارالحکومت صنعا کے دیگر مختلف علاقوں میں بھی منحرف قبائلیوں اور صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق منحرف قبائلیوں نے مشین گنوں سے فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے جس کے نتیجے میں کم سے کم 6 افراد ہلاک ہوئے ۔ شیخ صادق الاحمدقبیلہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ الحاسبہ میں 4 افراد اور چینج سکوائر میں 2 افراد گولیوں کا نشانہ بنے جبکہ اس دوران متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔