یوتھ کرکٹ کلب (رجسٹرڈ) اٹک کی گزشتہ سال2012ء میں جنوری سے لے کر دسمبر تک کھلاڑیوں کی اجتماعی اور انفرادی کارکردگی انتہائی شاندار رہی

اٹک(جی پی آئی)یوتھ کرکٹ کلب (رجسٹرڈ) اٹک کی گزشتہ سال2012ء میں جنوری سے لے کر دسمبر تک کھلاڑیوں کی اجتماعی اور انفرادی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے یوتھ کرکٹ کلب ضلع اٹک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شب وروز کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار صدر یوتھ کرکٹ کلب اٹک ملک ظہیر احمد نے نوجوان ابھرتے ہوئے سپورٹس جرنلسٹ ہشام خان اعوان سے خصوصی گفتگو میں یوتھ کرکٹ کلب اٹک کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ہے۔

ملک ظہیر احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال2012ء میں یوتھ کرکٹ کلب اٹک نے ٹوٹل27میچز کھیلے ہیں جن میں سے18میچز جیتے ،8میچز ہارے اور ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے اس طرح یوتھ کرکٹ کلب اٹک کی جیت کا تناسب 66.7فیصد جبکہ ہار کا تناسب33.3فیصد رہا ہے ،اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے مطابق یوتھ کرکٹ کلب کے سپر سٹار آل رائونڈر اوپننگ بیٹسمین فرحت اللہ خان نیازی نے بیٹنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہتے ہوئے 27میں سے18میچز کھیلے اور 734رنز بنائے جس میں ایک شاندار سنچری اور6نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ان کا بہترین سکور146رنز ناٹ آئوٹ رہا ہے ،ان کے علاوہ دوسرے نمبر پر آنے والے بیٹسمین ضلع اٹک کی انڈر19کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سیماب سہیل خان کا ہے جنہوں نے544رنز بنائے جس میں ان کی6شاندار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ان کا زیادہ سے زیادہ سکور78رنز رہا ہے،تیسرے نمبر پر آنے والے یوتھ کرکٹ کلب کے مڈل آرڈر بیٹسمین ارسلا خان رہے جنہوں نے474رنز بنائے جس میں ایک شاندار نصف سنچری شامل ہے جبکہ ان کا زیادہ سے زیادہ سکور65رنز ہے،جبکہ بائولنگ کے شعبہ میں یوتھ کرکٹ کلب اٹک کے بانی اور کپتان سپر سٹار لیگ سپن بائولر طاہر محمود مودی نے اپنی جادوئی بائولنگ سے مخالف ٹیموں کے بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے گزشتہ سال2012ء میں 45وکٹیں حاصل کیں ہیں جس میں انہوں نے کسی ایک میچ میں ایک مرتبہ5وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ دوسرے نمبر آنے والے بائولر کا نام توحید عباس ارمانی ہے۔

جنہوں نے38وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے نمبر آنے والے یوتھ کرکٹ کلب اٹک کے سپر سٹار آل رائوبؤنڈر فرحت اللہ خان نیازی کا ہے جنہوں نے30وکٹیں حاصل کیں ہیں ،صدر یوتھ کرکٹ کلب اٹک ملک ظہیر احمد نے بتایا کہ یوتھ کرکٹ کلب اٹک نے گزشتہ سال2012ء میں کل چارT-20کرکٹ ٹورنامنٹوں میں شرکت کی جس میں3ٹورنامنٹوں میں سیمی فائنل میں جبکہ ایک ٹورنامنٹ میں کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی ہے ، اس کے علاوہ گزشتہ سال2012ء میں 3ٹیموں کے ساتھ 3,3میچوں پر مشتملT-20سیریز کا انعقاد کیا گیا جس میں یوتھ کرکٹ کلب اٹک کی ٹیم نے تینوں سیریز وں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2سیریز وں میں اپنی مخالف ٹیموں کو3-0سے وائٹ واش کرتے ہوئے کلین سویپ کیا جبکہ ایک سیریز میں2-1سے کامیابی حاصل کی ہے۔

صدر یوتھ کرکٹ کلب اٹک ملک ظہیر احمد نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یوتھ کرکٹ کلب اٹک کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں بہت جلد ایک شاندار پروگرام تشکیل دیا جائے گا جس میں سال2012ء میں گرائونڈ کے اندر اور گرائونڈ کے باہر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ10بیٹسمینوں اور ٹاپ10بالرز کو اعزای سرٹیفکیٹس ایک پر وقار تقریب میں دیئے جائیں گے جس میں کھلاڑیوں کے والدین ،اٹک شہر کے معززین ،سٹیک ہولڈرز اور میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی طور پر دعوت دی جائے گی۔