لاہور(جیوڈیسک)لاہور مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ 11 مارچ کو ایرانی سرحد سے گیس پائپ لائن کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور اسی روز گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کے لیے ایران سے معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے جیو نیوز کو بتایا کہ ایران سے گیس کی درآمد کے لیے پاکستان کے حصے میں 781 کلومیٹر طویل پائپ لائن پچھائی جائے گی۔
جس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب پاک ایران سرحد ی علاقے گبد میں ہو گی اور یہیں سے پاکستان میں آنے والی گیس پائپ لائن کی تعمیر شروع کی جائے گی جو نواب شاہ تک جائے گی۔ مشیر پٹرولیم نے بتایا کہ پائپ لائن کی تعمیر کے لیے ایرانی کمپنی تد بیر کے ساتھ تمام امور طے پاگئے ہیں۔
منصوبے پر ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ مشیر پٹرولیم نے بتایا کہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کا معاہدہ بھی کیا جائے گا، اس آئل ریفائنری کی صلاحیت یومیہ 4 لاکھ بیرل تک ہو گی۔