11 مئی کو دیانتدار اور مخلص نمائندوں کو کامیاب کرایا جائے:سید ضیا اللہ شاہ ایڈووکیٹ

کھاریاں(جی پی آئی) امیدوار قومی اسمبلی حلقہPP115سید ضیا اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف مقامات پر کارنرمیٹنگز سے خطاب اور معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و ملت کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اور غریب عوام کی محرومیوں کے خاتمے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ11 مئی کو دیانتدار اور مخلص نمائندوں کو کامیاب کرایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ قوم نے ہمیں موقع دیا تو اس ملک سے ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔جماعت اسلامی لوڈشیڈنگ ، مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن سے قوم کو نجات دلائے گی قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے بغیر غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ قیام پاکستان سے اب تک چند خاندانوں نے قومی دولت اور سیاست پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہ کسی قیمت پر بھی اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں۔

انہی خاندانوں کے لوگ مختلف پارٹیوں میں شامل ہو کر ہمیشہ اقتدار میں رہتے ہیں۔18 سے23گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے صنعت کا پہیہ جام ہو گیا ہے جس سے لاکھوں مزدور ، محنت کش اورکسان بے روز گار ہوگئے ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ65سال سے ملک میں مامے بھانجے اور چچا بھتیجے کی سیاست چل رہی ہے اور سیاسی پارٹیاں عوامی کی بجائے خاندانی پارٹیاں بن چکی ہیں۔

جہاں کسی غریب کارکن کو دم مارنے کی جرات نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی وہ واحد سیاسی اور دینی جماعت ہے جس میں قائد سے کارکن تک مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور تمام فیصلے فرد واحد کی بجائے منتخب شوری کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اگر اپنے اندر احتساب کے عمل کو اختیار کرتیں تو آج چور لٹیرے اور جعلی ڈگری ہولڈر ز قوم کی گردنوں پر سوار ہوتے اور نہ کرپشن کا ناسور پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لیتا۔