ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ وہ گیارہ مئی کو ملک بھرمیں الیکشن کے خلاف دھرنے دیں گے، قوم جب کرپٹ لوگوں سے مایوس ہوجائے گی تو وہ ایک نیا نظام دیں گے۔لاہور ایئر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القران کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ اس نظام سے تبدیلی کبھی ممکن نہیں۔
وہ لوگ جو ابھی تبدیلی کا نعرہ لگاتے ہیں وہ گیارہ مئی کی شام اور بارہ مئی کی صبح دھاندلی کی شکایت کرتے نظر آئیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھاکہ وہ اس کرپٹ نظام اور الیکشن کے خلاف گیارہ مئی کو پورے ملک میں پرامن مظاہرے اور دھرنے دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
وہ اپیل کرتے ہیں کہ عوام اس کرپٹ نظام کے خلاف اپنا ووٹ دیں۔ تحریک منہاج القران کے چیئرمین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کرپٹ الیکشن کمیشن نے کراچی سے خیبر تک تمام چوروں اور لٹیروں کو اہل قرار دے کر قومی جرم کیا ہے، ایسے ادارے قوم کے مجرم ہیں انہیں سزا ملنی چاہئے۔