صوابی(جیوڈیسک)تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان سے پوچھتا ہوں کہ زرداری اور آپ کے ہوتے ہوئے یہودیوں کی سازش کی کیا ضرورت ہے، فضل الرحمان کے دور میں پشتونوں کا خون ہوا۔
صوابی میں مولانا فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے عمران خان نے کہا کہ ہم بڑے مگرمچھوں کا احتساب کریں گے،کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں گے اور ہم مدینے کی ریاست کے اصولوں پر پاکستان کو بنائیں گے، ہمیں پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف امریکا کی غلامی سے نکال سکتا ہے ؟وہ مچھروں کا مقابلہ نہیں کرسکے ،امریکیوں کا کیسے کرینگے ،ویسے بھی نواز شریف کا دل تھوڑا کمزور ہے لیکن عمران خان کبھی بھی اپنی قوم کو کسی کی غلامی نہیں کرنے دیگا،11مئی کے بعدامریکا نے ڈرون بھیجا تو ایئرفورس سے کہہ کر گرادوں گا۔انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے سر براہ اسفند یار ولی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اسفندیارولی سمیت تمام حکمران امریکا کے غلام ہیں۔ پاکستان کی قوم بہت سمجھدار ہوگئی ہے سب کچھ جانتی ہے ،الیکشن میں پتا چلے گا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کیا ہوتا ہے،مولانا صاحب ، عمران خان منافق نہیں ہیں ، پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں ۔الیکشن میں سب کچھ پتہ چل جا ئے گا۔