احمد آباد (جیوڈیسک) ہندوستان میں ایک ہیروں کے تاجر نے 111 یتیم لڑکیوں کی شادی کراتے ہوئے ہر دلہن کو لاکھوں مالیت کے تحفے دیے ہیں۔ ہیروں کے تاجر مہیش سوانی نے کہا کہ وہ دلہن کو تحقے دینا ایک انتہائی مقدس کام سمجھتے ہیں، یہ گھرانے انتہائی غریب ہیں اور وہ ان لڑکیوں کی شادی کرانے کی سکت نہ رکھتے تھے۔ مہیش کی اس دریا دلی پر لڑکیوں نے اپنا رضاعی باپ قرار دیا ہے۔
44 سالہ تاجر نے کہا کہ میں نے ہر لڑکی کو سونے اور دیگر تحائف دیے ہیں اور ہر لڑکی کو دیے تحفے کی مالیت سات ہزار 250 امریکی ڈالر ہے تاکہ وہ خوشگوار انداز میں اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ اتوار کو گجرات کے ایک اسکول میں ہونے والی شادی کی تقریب سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مہیش کا کہنا تھا کہ ان تحفوں کی اہمیت نہیں بلکہ میں نے انہیں اپنا نام دیا ہے اور اپنی پوری زندگی ان کی ذمے داریاں پوری کرتا رہوں گا۔
اب تک 250 سے زائد لڑکیوں کی شادیاں کرانے والے ہندوستانی تاجر نے کہا کہ انہوں نے یہ رفاہی مہم 2008 میں اپے ایک اسٹاف ممبر کی ہلاکت کے بعد شروع کی۔ ’میرے ملازمین میں سے ایک کی اپنی دو بیٹیوں کی شادی سے محض 12 دن قبل موت ہو گئی تھی جس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا تھا، اس موقع پر شادی کے انتظامات کرنا اس خاندان کے لیے انتہائی مشکل کام تھا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ ان کا سرپرست بن کر ان کی شادی کراؤں گا اور اس طرح میں اس کام کا آغاز کیا۔