ریسکیو 1122 ملازمین کی چھٹیاں منسوخ، ہائی الرٹ رہیں گے

Rescue 1122

Rescue 1122

لاہور (جیوڈیسک) ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ایمبولینس، ریسکیو اورفائر سروسز پنجاب کے تمام اضلاع میں عید الاضحی کی تعطیلات پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔اس حوالے سے ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور پنجاب کے تمام اضلاع میں 7000 سے زائد ریسکیورز بشمول ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز، فائرریسکیورز، کمپیوٹرزٹیلی فون وائرلیس آپریٹرز، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسرزاور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کی زیرِ نگرانی اپنے اپنے اضلاع میں عید کی چھٹیوں میں بھی فرائض انجام دیتے رہیں گے ۔ \”ایمرجنسی ریسکیو پلان\” گزشتہ روز ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹرز میں میٹنگ کے دوران ڈائریکٹرجنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیرکو پیش کیا گیا۔

میٹنگ کے دوران پراونشل مانیٹرنگ سیل نے ڈی جی ریسکیو پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پراونشل مانیٹرنگ سیل ریسکیو 1122 چوبیس گھنٹے تمام اضلاع سے رابطے میں رہے گا۔عید الاضحی کے اجتماعات پر مو ثر طبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی لاہور میں ریسکیو 1122 کا سٹاف ڈسٹرکٹ کنٹرول روم اور باقی ریسکیو سٹیشنوں پر جدید آلات سے لیس 29 ایمبولینسز ، 14فائر وہیکلز، 4 ریسکیو وہیکلز، 1 واٹر ریسکیو وہیکل اورڈیزاسٹر ریسکیو ٹیم فرائض انجام دیں گے۔ ۔