14 جنوری کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آزادی چوک پارلیمنٹ کے سامنے بنے گا
Posted on January 3, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد : 02 جنوری 2012 شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے آج تک الیکشن کمیشن کو بااختیار نہیں ہو نے دیا۔ آئین ، جمہوریت اور امن کی طاقت سے 18کروڑ عوام کو حقوق دلائوں گا۔ 14 جنوری کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آزادی چوک پارلیمنٹ کے سامنے بنے گا۔ مصر ماڈل کا لفظ بھی کبھی زبان پر نہیں لایا، پاکستانی ماڈل کی بات کر رہا ہوں۔ ایماندار ، غیر جانبدار اور جاندار حکومت بنائی جائے تا کہ کرپشن کو ختم کیا جا سکے۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ کراچی سے واپسی پر لاہور ائر پورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں جو بھی ملک بچانے کیلئے لانگ مارچ میں شریک ہو گا اسے خوش آمدید کہیں گے۔الیکشن کا التوا ہر گز نہیں چاہتا،ڈی ریل جمہوریت کو پٹڑی پر لانا چاہتا ہوں۔
آئین ، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے میری جدوجہد میں عوام شامل ہو چکے ہیں اب تبدیلی آ کر رہے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان اور عوام کیلئے ہے اور عوام کو حقوق دلانے کیلئے میری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس سے دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکتی۔