19سالہ اسپنر نے آدھی زمبابوین ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا

Zubair Hussain

Zubair Hussain

چٹاگانگ (جیوڈیسک) 19 سالہ لیگ اسپنر جوبیر حسین نے کیریئر کے تیسرے ہی میچ میں آدھی زمبابوے ٹیم کو ٹھکانے لگا دیا۔ چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان سائیڈ نے 374 رنز اسکور کیے، الٹن چگمبرا، سکندر رضا، ہیملٹن مساکیڈزا اور ریگس چاکابوا نے نصف سنچریاں بنائیں، 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کا خواب دیکھنے والی بنگلہ دیشی سائیڈ 129 رنز کی سبقت پر شاداں نظر آئی، کھیل ختم۔

ہونے تک اس نے بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنا کر مجموعی سبقت 152 کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 503 کے مشکل اسکور کا پیچھا کرنے والی مہمان ٹیم نے تیسرے دن نامکمل پہلی اننگز کاایک وکٹ پر 113 رنز سے آغاز کیا، سکندر اور مساکیڈزا نے دوسری وکٹ کیلیے ریکارڈ 160 رنز کی شراکت بنائی۔

ان سے قبل 1993 میں پاکستان کیخلاف مارک ڈیکر اور ایلسٹر کیمبل نے 135 رنز جوڑے تھے، سیمر شفیع اسلام نے مساکیڈزا (81) کو ایل بی ڈبلیو کیا،3 اوورز بعد جوبیر کاری ضربیں لگا کر زمبابوے کو بیک فٹ پر لے آئے۔

انھوں نے 3 گیندوں کے درمیان کپتان برینڈن ٹیلر (1) اور سکندر رضا (82) کو میدان بدر کردیا، لنچ کے وقت ٹیم نے 200 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دی تھیں، دوسرے سیشن میں سین ایرون (14) کوجوبیر نے بولڈ کر دیا، اس کے بعد چگمبرا اورچاکابوا نے ڈٹ کر بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا کیا۔

دونوں نے چھٹی وکٹ کیلیے 113 رنز جوڑ کر فالوآن کا خطرہ ٹالا، چاکابوا (65) کو شفیع نے ایل بی ڈبلیو کیا، موٹمبامی (20) اسی انداز میں شکیب الحسن کی وکٹ بنے، تیج الاسلام نے مساکیڈزا کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہ دی، چگمبرا (88) کو جوبیر نے سلپ میں محموداﷲ کا کیچ بنوایا۔

آخری بیٹسمین ناٹسائی ایم شنگووے (8) ان کا پانچواں شکار ثابت ہوئے۔ کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں وکٹ کھوئے بغیر 23 رنز بنا لیے، تمیم اقبال 8 اور امرالقیس 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم کی مجموعی سبقت 152 ہو گئی ہے۔