ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) 20 ویں عالمی فٹبال کپ کی رنگارنگ اختتامی تقریب اتوار کی شب سجادی گئی، فائنل سے قبل منعقدہ اس رنگارنگ تقریب میں کولمبین اسٹار شکیرا۔
میکسیکن گٹارسٹ کارلوس سانتانا اور برازیلین گلوکار ایویٹا سینگالو نے اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا، فنکاروں نے مختلف بہروپ بدل کر گراؤنڈ میں موجود شائقین کو لبھایا۔
تقریب میں ہیٹی کے ہپ ہوپ اسٹار وائسیلف جین اور برازیلین سنگر الیگزینڈر پائرز نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا، لگاتار تیسری مرتبہ ورلڈ کپ تقریبات کا حصہ بننے والی شیکرا نے اس مرتبہ برازیلین ورلڈ کپ آفیشل گانے پر پرفارمنس پیش کی۔
چار برس قبل جنوبی افریقہ میں منعقدہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل سونگ ’ واکا واکا ‘ گایا تھا جبکہ اس سے قبل 2006 کے جرمنی ایونٹ میں انھوں نے اپنے پرستاروں کیلیے ’ہپس ڈونٹ لائی‘ جیسا نغمہ گایا تھا۔
سینگالو نے بھی اپنے مشہور نغمے سناکر حاضرین سے داد سمیٹی، بارسلونا کیلیے کھیلنے والے کارلوس پیول اور برازیلین ماڈل گیزل بنڈچین کو خصوصی ایوارڈز دیے گئے، 12 جون کو ساؤ پاؤلو کے کورنتھیاس ایرینا میں منعقدہ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں امریکی گلوکارہ جینیفر لوپز، یوایس ریپر پٹ بل اور برازیلی کی کلاؤڈیا لیٹی نے اپنے فن سے شائقین اور حاضرین کو محظوظ کیا تھا۔