20 لاکھ روپے تاوان کے عوض اغواء ہونے والے 6 سالہ بچے کو پولیس بازیاب نہیں کرا سکی ، اغواء کاروں کا کوئی سراغ نہ ملا

گجرات : تھانہ ڈنگہ کے گائوں باگڑیانوالہ سے سات روز قبل 20 لاکھ روپے تاوان کے عوض اغواء ہونے والے 6 سالہ حماد کو پولیس ابھی تک بازیاب نہیں کرا سکی اور نہ ہی اغواء کاروں کا کوئی سراغ لگا سکی ہے ڈنگہ پولیس محض مغوی بچے کے ورثاء کو جھوٹی تسلیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکی جبکہ مغوی بچے کے گھر صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔

اس کی والدہ بچے کی جدائی میں نڈھال ہے جبکہ اس کے والد زمان اللہ نے سعودی سفارتخانہ میں رابطہ کیا ہے مگر وہاں بھی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقیم بچے کے والد زمان اللہ نے سعودی حکام کو بتایا ہے کہ وہ 14 سال سے سعودی عرب سے ملازمت کر رہا ہے اور زر مبادلہ پاکستان بھیج رہا ہے۔

مگر پاکستان میں تارکین وطن کے گھروں میں لوٹ مار اور ان کے بچوں کا اغواء برائے تاوان معمول بن گیا ہے پاکستان کی حکومت نے ابھی تک کوئی موثر اقدامات نہیں کیے ہیں زمان اللہ نے وزیراعظم پاکستان چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے 6 سالہ مغوی بچے کو بازیاب کرایا جائے وہ معقول تاوان ادا کرنے کو بھی تیار ہے۔