20 ہزار اساتذہ کی بھرتی 3 ہزار بند اسکول کھل جائیں گے: وزیر تعلیم

Nisar Ahmed

Nisar Ahmed

کراچی (جیوڈیسک) اساتذہ کی بھرتی میرٹ پر ہورہی ہے، میرا کوٹا بھی نہیں، تعلیم کا معیار بہتر کرکے ہی رہوں گا، جب اپنا احتساب کرسکتا ہوں تو محکمہ کے ہر شخص کا احتساب کروں گا، نثار کھوڑو ٹائم اسکیل، پروموشن اور دیگر سہولیات اساتذہ کو دے دی ہیں، پھر بھی نتیجہ صفر ہے، اب بہتری کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے گا، وضاحتیں قبول نہیں ہوں گی، میڈیا سے گفتگو سندھ کے سینئر وزیر تعلیم نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے۔

این ٹی ایس ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے 20ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل جون کے مہینے میں ہی مکمل کرلیا جائے گا، 20ہزار اساتذہ کی بھرتی سے سندھ کے 3ہزار بند اسکول کھل جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ سندھ کا مستقبل اور تعلیم بچانے کیلئے اساتذہ کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی جارہی ہے، جس میں میرابھی کوئی کوٹا نہیں ہے، تعلیم سے متعلق کوئی بھی مصلحت برداشت نہیں کروں گا۔

بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ کے 1481 پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی کے کامیاب امیدواروں میں آفر آرڈرز تقسیم کیے جائیں گے،آفر آرڈرز دینے کی تقریب نوڈیرو ہائوس میں ہوگی، انھوں نے کہا کہ چھٹی سے دسویں جماعت تک کی ساڑھے چارلاکھ طالبات میں وظیفے کی تقسیم کیلئے محکمہ تعلیم اور تعمیر بینک کے تعاون سے ٹیلی نار ایزی پیسہ سے 3سال کا معاہدہ کیا گیا ہے، جس کی مدد سے ساڑھے چارلاکھ طالبات میں اگست سے ایزی پیسہ کے ذریعے وظیفے کی رقم تقسیم کی جائے گی، دیہی علاقوں میں ہر طالبہ کو 3500 روپے اور شہری علاقوں میں ہر طالبہ کو 2500 روپے دئیے جائیں گے،یہ رقم طالبات تک شفاف طریقے سے پہنچانے کیلئے ایزی پیسہ سروس سے معاہدہ کیا گیا۔

ماضی میں پوسٹ آفس کے ذریعے وظیفے کی رقم طالبات تک مکمل نہیں پہنچ رہی تھی،اساتذہ کی حاضری اور پڑھائی کی نگرانی کیلئے سپروائزرز کی جگہ 2ہزار نئے افراد کو مانیٹرنگ ٹیم کے طور پر بھرتی کرنے پر غور کیا جا رہاہے،انھوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کا معیار بہتر کرکے ہی رہوں گا، جب اپنا احتساب کرسکتا ہوں تو محکمہ کے ہر شخص کا احتساب کروں گا،انھوں نے کہا کہ اساتذہ کو ٹائم اسکیل، پروموشن سمیت دیگر سہولیات دیدی ہیں، پھر بھی نتیجہ زیرو ہے، اس لیے اب تعلیم کی بہتری کیلئے ہر ضلع میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے گا۔

غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، بند اسکول ہر حال میں کھلوا کر رہوں گا، اس حوالے سے افسران کی وضاحتیں قبول نہیں، اسکول کھلنے کے بعد جہاں پتہ چلا کہ استاد بچوں کو نہیں پڑھانے جارہے ان اساتذہ کی تنخواہیں بند کر دی جائیں گی، کسی کو مفت میں تنخواہ لینے نہیں دوں گا کیونکہ محکمہ تعلیم بیگار کیمپ نہیں ہے۔