2013 امدادی کارکنوں کے لئے مہلک ترین، 155 کارکن ہلاک ہوئے

Aid Workers

Aid Workers

نیو یارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2013 دنیا بھر میں امدادی کارکنوں پر حملوں کے حوالے سے ریکارڈ حد تک برا سال ثابت ہوا ہے۔

بلکہ 2012 کے مقابلے میں گزشتہ برس ایسے حملوں کا نشانہ بننے والے کارکنوں کی تعداد میں 66 فیصد کا اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق پچھلے برس مختلف بحران زدہ ملکوں اور علاقوں میں امدادی اور بحالی سرگرمیوں میں مصروف 155 کارکنوں کو ہلاک اور 171 کو زخمی کر دیا گیا جبکہ 134 ریلیف ورکرز کو اغوا بھی کیا گیا۔ ان پرتشدد واقعات میں سے تین چوتھائی دنیا کے صرف پانچ ملکوں میں دیکھنے میں آئے۔ یہ ملک افغانستان ، شام ، سوڈان ، جنوبی سوڈان اور پاکستان تھے۔

شام اور جنوبی سوڈان امدادی کارکنوں کے لیے خاص طور پر ہلاکت خیز ثابت ہوئے جہاں ایک سال پہلے کے مقابلے میں امدادی کارکنوں کی ہلاکتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا گیا۔

اس سال جنوری سے اگست کے وسط تک مختلف ملکوں میں 79 امدادی کارکن مارے جا چکے ہیں۔