آج اسلامی سال سن 1434 ہجری کے نوے مہینے رمضان المبارک (کے آخری عشرے جہنم سے نجات )کی28 ویں تاریخ ہے اور آج ماہِ رمضان کا آخری جمعہ یعنی کہ جمعتہ الوداع بھی ہے اور آج ہی کے دن بمطابق عیسوی سال 2013 کے آٹھویں مہینے اگست کی 02 دوسری تاریخ بھی ہے یوں آج کا یہ دن جمعتہ الوداع اہل ایمان کو اِس بات کی بھی نوید سنارہاہے کہ رب تعالی کا مہمان ماہ رمضان المبارک اب تم لوگوں کے درمیان سے کچھ ہی دنوں بعد رخصت ہونے کو ہے اور آج کے بعد جتنے بھی جمعے آئیں گے اِن جمعے کی افضلیت تو اپنی جگہ پر برقرار رہے گی مگر ان میں رمضان نہیں ہوں گے اے اہلِ ایمان آج اِس رخصت ہوتے۔
اللہ کے مہمان رمضان المبارک کے اِس آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع میں اپنا محاسبہ کرلو اور اِس پورے ایک ماہ کے دوران اگر تم سے اِس اللہ کے مہمان کی خدمت کرنے میں کوئی بھول چوک یا کوئی دانستہ یا غیر دانستہ ظاہر و باطن بڑی یا چھوٹی غلطی سر زد ہوگئی ہو تو اِس کی بھی اِس سے معافی تلافی مانگ لو اور آئندہ کے چند دنوں میں اِن غلطیوں اور کوتاہیوں کو پھر ہرگزمت دہرااو( مت ہونے دو ) کہ یہ تم سے کہیں ناراض نہ ہوجائے بلکہ اللہ کا یہ مہمان رمضان المبارک جب تمہارے درمیان سے رخصت ہو تو وہ تم سے خوش ہوکر لوٹے اور جانے کے بعد اللہ رب العزت کے حضور پیش ہوکروہ تمہاری خوب تعریفیں کرے اور تمہاری بخشش کے لئے۔
اللہ سے دعائیں کرے اور اللہ سے تمہاری جہنم سے نجات کی بھی سفارش کرے۔ اور ہاں اب تم خود ہی دیکھ لو اے اہل ایمان یہ کام تمہار اہے کہ تم آج کے دن اپنا احتساب خود کرو اور اپنے اعمال کو خود ہی ٹٹولو کہ تم نے ماہِ رمضان میں روزے رکھ کر بھی کیا اس کی ان تمام پابندیوں کو اپنے اوپر لاگو کئے رکھا جو روزے کی روح تھیں اور آج تم یہ بھی خود سے ہی جاننے کی سعی کرو کہ اِس ماہِ مبارکہ میں تم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔ ویسے توبیشک تمام دن اور تمام راتیں ہی اللہ رب العزت کے قانونِ قدرت میں ہیں مگر اِس کے باوجود بھی خود اِس پاک پروردگار اللہ عزوجل نے بعض دنوں کو دوسرے دنوں کے مقابلے میں خاصی فضیلت عطا فرمادی ہے۔
Allah
تو اِسی طرح بعض راتوں کو بھی خود اِس تخلیق کائنات کے خالق اور مالک اللہ تعالی نے دوسری راتوں پر فوقیت دے رکھی ہے مگراِس کے ساتھ ہی ہفتے کے دیگر سات ایام میںسے جمعہ کے دن کو رب تعالی نے جو فضیلت دی ہے اور اِس دن کو بیشمار رحمتوں اور برکتوں سے نواز رکھاہے تو وہیں اِس کی اہمیت اور افضلیت کے ثبوت کا اندازہ تو اہل ایمان قرآن کریم فرقان حمید کی اِس ایک سورت سے بھی بخوبی لگاسکتے ہیںکہ اِس دن کی فضیلت تو خود رب تعالی نے اپنی آخری الہامی کتاب قرآن مجید فرقان حمید کے 28 ویں پارے کی پوری ایک سورت کو سور الجمعہ کے نام سے نازل کرکے اِس دن کی اہمیت کو اہل اسلام کے لئے رہتی دنیا تک یہ ارشاد فرما تے ہوئے۔
اے وہ لوگوجو ایمان لائے ہو! جمعے کے دن نمازکی اذان دی جائے تو تم اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ پڑواور خرید وفروخت کو چھوڑ دو،یہ تمھارے حق میں بہت ہی بہتر ہے اگرتم جانتے ہوبڑھادی ہے کہ اہلِ ایمان کو ہر صورت میں اِس پر عمل کرنا ضروری قرار دے دیاگیاہے۔جمعے کے دن کی افضلیت کے حوالے سے حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جمعے کے دن ملائکہ مسجد میں آنے والے ہر شخص کا نام اِس کی آمد اور ترتیب کے اعتبار سے لکھتے جاتے ہیں اور جوں ہی امام خطبہ دینے لگتاہے تو وہ نام لکھنے کا عمل بند کرکے خطبہ سننے میں محوہوجاتے ہیں۔ یوں جمعے کے دن کو دین اسلام میں ایک خاص دن کی اہمیت حاصل ہے۔
اِس دن یعنی کہ جمعے کے دن کو سیدالایام بھی کہاجاتاہے یعنی کہ دنوں کا سردار اور ایک اور روایت میں ہے کہ جمعے کے دن کواور دوسرے دنوں کی نسبت عید کا دن بھی کہاجاتاہے اِس کے علاوہ بھی جمعے کے دن کے اور بھی بہت سے فضائل ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ میرے پیارے آقاحضرت محمد مصطفیۖ کا ارشاد مبارکہ ہے کہ جمعے کے دن خصوصا مجھ پر کثرت سے درودد بھیجاکرو مجھ پر جو شخص ایک مرتبہ درود بھیجتاہے تو اِس پر اللہ تعالی اور اِس کے فرشتوں کی دس رحمتیں نازل ہوتی ہیںمیری جان ان پر قربان میرے پیارے آقا حضور پر نور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک اور موقع پر ارشاد فرمایا کہ جمعے کو کثرت سے مجھ پر درود بھیجا کرو جو ایسا کرے گا۔
Muslim
قیامت کے دن میں اس کا گواہ اور شفیع ہوں گا اور جمعے کے دن جو مجھ پر سو مرتبہ درود بھیجے گا اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے اور جو جمعہ کے دن مجھ پر 100 مرتبہ درود بھیجے گا وہ جنت میں اپنا ٹھکانہ دیکھے بغیر نہیں مرے گا۔ اور اے ایمان والو! ماہِ رمضان میں تو ہر نیک عمل کا اجر ویسے بھی کئی گنا بڑہ جاتاہے اور جب کوئی مومن مسلمان ماہِ رمضان المبارک کے جمعے کے دن کوئی بھی نیک عمل کرے تو پھر انداز کیجئے کہ اِس کے اجر و ثواب کا کیا عام ہوگا اور آج کا یہ ماہِ رمضان المبارک کا آ خری جمعہ یعنی جمع الوداع تو خودہی چیخ چیخ کر اہلِ ایمان کو یہ نوید سنارہاہے ہے۔
کہ مانگ لو آج جو کچھ بھی اپنے رب سے تم مانگنا چاہوں اللہ کی رحمت پوری طرح سے جوش میں ہے بس ہے کوئی جو اِس موقع کا فائد اٹھائے اور دنیاوی اور آخری زندگی کے لئے اللہ کی اِن بیشمار رحمتوں کو اپنے دامن میں سمیٹ کر مالامال ہوجائے جو آج آسمان سے زمین پر برس رہی ہے تو پھر کیوں نہ اے اہلِ ایمان تم آج کے دن کو ضائع کئے بغیر امت مسلمہ کی کامیابی اور سر خروئی کے ساتھ ساتھ قبلہ اول القدس کی آزادی کے لئے بھی ثابت قدم ہر کر اپنی جدوجہد کو تیز تر کرنے اور کفر کی طاقتوں کو نیست و نابود کرنے کے لئے بھی اپنے رب سے خوب گڑ گڑاکر دعائیں مانگوکہ اللہ مسلمانوں کوایمانی قوت عطا فرمائے۔
کہ مسلمان آج کے اِس 21 ویں صدی اوراِس دورِ جدید کے باطل پرستوں اور اسلام کے خلاف کھلم کھلا اٹھتی کفر کی طاقتوں کا مقابلہ کرکے انہیں شکست سے دوچار کرکے ساری دنیا پر دین اسلام کا پرچم لہرائیں اور اِس کے ساتھ ہی آج کا یہ دن پوری امت مسلمہ کو یہ پیغام بھی دے رہاہے کہ آج کے دن ملت اسلامیہ کو اپنے اندر ملی یکجہتی اور یگانگت کا جذبہ بھی پروان چڑھانا ہوگا تاکہ ملت اسلامیہ اپنی بقاوسلامتی کے لئے باہم متحد اور منظم ہوکر کفر کی طاقتوں سے مقابلہ کرسکے۔ تحریر : اعظم عظیم اعظم naa.asn@gmail.com