2013 میں جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کا اعزاز حاصل کریں گے، ڈاکٹر آمنہ بٹر
Posted on December 12, 2012 By Geo Urdu لاہور
لاہور(نیوز رپورٹر)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء صدر چنیوٹ بار ایسوسی ایشن خاور محمود کھٹانہ اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر آمنہ بٹر نے کہا کہ بھٹو خاندان اور پیپلزپارٹی نے چار نسلوں کو پاکستانی اور کشمیری عوام کی خودداری ،ناقابل تسخیر دفاع ،مضبوط وفاق اور جمہوریت کے استحکام پر قربان کر دیا پیپلزپارٹی واحد نظریاتی سیاسی تحریک ہے جس کی قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو،دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ قومی مفاہمت اور قومی وقار کے لیئے قوم کو متحد کیا جسکی منہ بولتی تاریخ 1973کے متفقہ آئین کی دستاویزات ہیں۔
اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا اور سیاست کو عوام کے تابع کیا ۔محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی اور دہشت گردی ،انتہا پسندی کے خاتمے کے لیئے اپنی جان قربان کر دی اوراللہ کی مخلوق کی خدمت پارٹی کے انقلابی ترقی پسند روشن خیال منشور کے مطابق مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام پیپلزپارٹی کی جہد مسلسل کا نشان منزل ہے ۔بیروزگاری کا خاتمہ ،استحصال ،فرسودگی ،ریاستی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا شہید بھٹو ازم اور شہید بے نظیر مشن کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کے صاف شفاف عام انتخابات میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی دور اندیش پالیسیوں کی وجہ سے پیپلزپارٹی لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کر کے دوبارہ حکومت بنائے گی اور 2013میں جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کا اعزاز حاصل کریں گے۔پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی تحریک ہے جو چاروں صوبوں ،کشمیر،گلگت بلتستان میں اپنا مضبوط سیاسی وجود رکھتی ہے ۔کوئی رائیونڈ تک محدود ہے تو کوئی چمک کے ذریعے مشہور ہے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے حالیہ غیر ملکی دوروں نے ثابت کر دیا ہے کہ جمہوری حکومت کی کامیاب حکمت عملی اور قابل ستائش سفارتی لابنگ کی وجہ سے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔