کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سال 2014ء پاکستان کے لئے سخت، کٹھن اور مشکل ہونے کے ساتھ ساتھ میک اور بریک کاسال بھی ثابت ہوسکتاہے ، لہٰذامیں ملک کے حکمرانوں اورتمام مقتدرقوتوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں۔
کہ خدارا ماضی کی غلطیوں کودہرانے کے بجائے ملک کی بقاء، سلامتی اور فلاح کیلئے جوبھی فیصلے کرنے ہوں کرلیں۔ایک بیان میں الطاف حسین نے ملک کے نظم ونسق کوچلانے والی تمام ظاہری اور درپردہ طاقتوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا۔
کہ میں وطن عزیز کیلئے ہمہ وقت دعاگو ہوں لیکن ملکی اوربین الاقوامی قوتوں کی فوری اور دور رس پالیسیوں اور اقدامات کا ٹھنڈے دل سے جائزہ لینے کے بعد میں قوم، ملک کے اکابرین ، حکمرانوں اور درپردہ کام کرنے والی طاقتوں کواپنے اس تجزیہ سے آگاہ کرنا اپنا قومی فرض سمجھتاہوں۔
کہ سال 2014ء پاکستان کیلئے انتہائی کٹھن اور دشوار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ میک اور بریک کاسال بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک کے نظم ونسق کوچلانے والی تمام ظاہری اور درپردہ قوتوں سے میری پرخلوص اور دردمندانہ اپیل ہے۔
کہ وہ ماضی کی غلطیوں کودہرانے کے بجائے ملک کی فلاح، بقاء، سلامتی اور بہتری کیلئے جوبھی فیصلے کرنے ہوں ان پر جتنی جلدممکن ہو عملدرآمد کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بقاء وسلامتی کیلئے فیصلوں کافوری کرنا ملک کیلئے ناگریز ہے کیونکہ ملک اب ان فیصلوں پر عمل درآمد میں کسی تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔