2015 میں پچھلے سال کی نسبت آدھی لوڈشیڈنگ ہو گی: رانا مشہود

Rana Mashhood

Rana Mashhood

لاہور (جیوڈیسک) وزیر تعلیم، کھیل و امور نوجوانان پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی اور نوجوانوں کوروز گار کی فراہمی کے لیے پرامن ماحول میں صنعت کاری کافروغ ضروری ہے۔ مذہب کے نام پر خون خرابہ کرنے والے بعض عناصر نے دنیا میں پاکستان کا امیج اس حد تک بگاڑ دیا ہے کہ لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ ہونے سے پہلے 100 بار سوچتے ہیں۔ جو بھی ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹکٹس پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن اور بلڈنگ میٹریل ایگزی بیشن (IAPex-2015) کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کہی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ 2015ء میں پچھلے سال کے مقابلے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نصف رہ جائے گی۔

پنجاب کے 54 ہزار سرکاری سکولوں میں سے 4ہزار سکول بجلی سے محروم ہیں۔ حکومت نے ان 4 ہزار سکولوں میں شمسی توانائی کے پینلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کنونشن میں لگائے گئے پینٹس انڈسٹری اور انسولیشن میٹریلز کے سٹالوں کا معائنہ بھی کیا۔