2016 کیا کھویا اور کیا پایا

2016

2016

تحریر:اسد محمود مغل
365 دن قبل شدید سرد ایام میں ہم بڑی بے تابی سے کسی کا انتظار کرر ہے تھے اور پھر جب اسکی آمد ہوئی تو نہایت گرم جوشی سے استقبال کیا۔ محافل کے انعقاد میں اسے خوش آمدید کہا۔ جشن مسرت منایا۔ ایک دوسرے سے مبارک باد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔سال بھر وہ مہمان ہمارے درمیان رہا۔آج یہ مہمان ہم سے رخصت ہو رہا ہے۔ اس موقع پر اس کے ہمراہ بیتے ہوئے لمحات یاد آرہے ہیں۔ جی ہاں ! میں بات کر رہا ہوں 2016 کی جو چند گھڑیوں بعد کتاب ِ ماضی کا حصہ بن جائے گا۔اس مہمان کے ساتھ گزرے دنوں میں خوش گوار اور یاد گار قیمتی لمحات بھی یاد آ رہے ہیں اور وہ وقت بھی آنکھوں کے سامنے فلمی مناظر کی طرح گھوم رہا ہے جب آنکھیں آنسوئوں سے تر ہوئیں۔

2017 نئی امیدوں اور بہاروں کے ساتھ طلوح ہونے کو ہے مگر گزشتہ سال 2016 میں کونسے ایسے اہم واقعات رونما ہوئے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا قارئین اکرام کی نظر کچھ واقعات پیش خدمت ہیں۔1 نومبر 2016 ء کو چائینہ پاکستان اکانمک کوریڈور(سی پیک )ایک ایسا منصوبہ شروع کیا گیا جس سے پورا پاکستان مستفید ہوگا اور اس منصوبہ سے جہاں غریب اور بے روزگار افراد کو روزگار مہیا ہوگا وہاں پر ملک ترقی کی دوڑ میں مزید آگے بڑھے گا اور کامیابی کی منزلوں کو چھوتے ہوئے دنیا میں اپنا لوہا منوائیگااور گوادر پورٹ سے پوری دنیا کی منڈیوں تک با آسانی رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاک چین دوستی کو بھی مزید بہتر سمت کی طرف لے جائے گا۔

فروری 2016 ء میں شرمین عبید نے بہترین ڈاکومنٹری فلم بنانے پر سیکنڈ اوسکر ایوارڈ حاصل کیا اور پاکستان کا نام پوری دنیا مین روشن کیامئی 2016 ء میں ایک پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے صادق خان نے پہلے پاکستانی میئر آف لندن بننے کا اعزاز حاصل کیا موصوف 2005 سے لندن پارلیمنٹ کے ممبر ہیں۔ ستمبر2016 ء میں ہی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی ریکنگ میں نمبر1 کرکٹ ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔نومبر2016 ء میں معروف فلاحی ورکر نگت داد نے اپنی بہترین خدمات کے پیش نظر ہیومن رائٹس ٹیولپ ایوارڈ حاصل کیا 2016 میں دہشتگری کے کچھ افسوسناک واقعات 13 جنوری 2016ء کو 15 افرادکوئٹہ بم دھماکہ میں شہید ہوئے،20 جنوری2016 ء کو 20 طالبعلم ،اساتذہ اور سیکورٹی گارڈز شہید جبکہ تقریباً60 افراد کوباچا خان یونیورسٹی میں شہید کیا گیا،6 فروری 2016 ء کو 9 ایف سی اہلکاروں کو کوئٹہ میں شہید کیا گیا،7 مارچ 2016 ء کو 10 افراد جن میں 3کانسٹیبل بھی شامل ہیں کو چارسدہ خود کش دھماکہ میں شہید کیا گیا،16 مارچ 2016ء کو گورنمنٹ ملازمین کی بس میں سوار17افراد شہید جبکہ 53سے زائد زخمی ہوئے،جبکہ 27 مارچ 2016 ء کو گلشن اقبال پارک لاہور میں داخلی دروازے پر خود کش بمباروں کے حملہ سے 74افراد جن میں ننھے بچے، بوڑھے اور عورتیں شامل تھی کو شہید کیا گیا جبکہ 338 افراد زخمی ہوئے22 جون رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں صوفی و قوال امجد صابری کو نامعلوم ٹارگٹ کلروں نے کراچی میں قتل کر دیا،8 اگست 2016 ء کو کوئٹہ کے ہسپتال میں 70 افراد کو شہید کرد یا گیا جن میں زیادہ تر وکلاء حضرات شامل ہیں۔

Incident In Pakistan

Incident In Pakistan

24 اکتوبر2016 ء کو کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج میں دہشتگردوں نے 62افراد کو شہید جبکہ اس سانحہ میں 165افراد زخمی ہوئے 2016 میں اہم شخصیات جو ہم سے بچھڑ گئیں ایدھی ویلفیئر فائونڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی جو 88 سال کی عمر میں 8 جولائی کو کراچی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد وفات پا گئے جن کی نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے بے پناہ خدمات تھی انہوں نے پورے ملک میں فری ایمولینس سروس سمیت غریب ،نادار اور بے گھر افراد کیلئے انتھک محنت کی۔معروف قوال غلام فرید صابری کے فرزند امجد صابری کو 22 جون کو نامعلوم ٹارگٹ کلرو ں نے قتل کر دیا مرحوم برصغیر پاک و ہند کے علاوہ ایشاء کے معروف صوفی قوال تھے۔

سوشل میڈیا میں مقبول ہونیوالی اداکارہ قندیل بلوچ کو 15 جولائی کو اسکے حقیقی بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا موسیقاروں کی دنیا کے انسائیکلوپیڈیا نصیر بھائی26 جون کو مختصر علالت کے بعد لاہور ہسپتال میں وفات پر گئے مرحوم شوبز کی دنیا کے بارے میں بے حد معلومات رکھتے تھے اور نجی ٹی چینل میں میزانی کے فرائض بھی سر انجام دیتے رہے ہیں ان کی عمر تقریباً 61 سال تھی۔سٹیج ادکارہ قسمت بیگ کو 24 نومبر کو نامعلوم قاتلوں نے وقت قتل کر دیا۔پاکستان کے مشہور ،نعت خواں،مذہبی سکالر،فیشن ڈیزائنر اور اس سے قبل دل دل پاکستان کے ملی نغمے سے مشہور ہونیوالے جنید جمشید بھی 7دسمبر کوچترال سے واپسی پر حویلیاں کے مقام پر جہاز حادثہ میں شہید ہو گئے مرحوم نے دعوت و تبلیغ کیلئے ملک پاکستان سمیت پوری دنیا میں کام کیا اور انکی خدمات کے پیش نظر انکی نماز جنازہ پارلیمینٹ مسجد میں پڑھائی گئی۔

29 نومبر 2016 ء کو پاکستانی افواج کے 15 ویں سپہ سالار جنرل راحیل شریف ریٹائرڈ ہوئے اور انکی ریٹائرٹمنٹ کے بعد جنرل قمر جاوید باجوا نئے چیف آف آرمی سٹاف تعینات ہوئے 2017 کی آمد قریب ہے۔خدائے بزرگ و برتر سے دعا ہے کہ یہ سال ایسا ہو جیسے کسی شاعر نے یوں خواب دیکھا ہے
خدا کرے کہ نئے سال کے کیلنڈر میں
زمین پہ امن کے پیڑوں کی فصل اُگتی رہے
کسی پرندے کے گیتوں میں کوئی آہ نہ ہو
سسکتے غم کے اندھیروں میں ڈوبی راہ نہ ہو
کسی بھی عالمی منڈی میں کوئی بکتا نہ ہو
کوئی بھی اندھی سیاہی سے کبھی لکھتا نہ ہو
کسی کی گود کسی کا سہاگ نہ اجڑے
خدا کرے کہ نئے سال کے کیلنڈر میں
کسی بھی ملک کی سرحد پہ کوئی جنگ نہ ہو
کسی بھی ظلم یا سفاکی کی امنگ نہ ہو
خدا کرے کہ نہ ہوں نفرتوں کے زرد گلاب
ستم رسیدہ سے لوگوں پہ غربتوں کے عذاب
کسی جواں کی نگاہوں میں نہ ہوں ٹوٹے ہوئے خواب
نیا برس جو لکھیں اس میں یہ نصاب نہ ہو
خدا کرے کہ نئے سال کے کیلنڈر میں
کوئی سوال ایسا نہ ہو کہ جواب نہ ہو
اسکول جانے کی عمروں میں پھول سے بچے
ہر ایک چوک پہ اخبار،پھول بیچتے ہیں
کہیں پہ جسم کہیں خواہشیں بھی بکتی ہیں
کہیں پہ رشتے یا انصاف بھی تو بکتا ہے
خدا کرے کے نئے سال میں نہ ہو کچھ خراب
ہر ایک مہینہ ہو روشن ہر ایک دن ہو سوتاب
خدا کرے کہ نئے سال کے کیلنڈر میں
زمین پہ امن کے پیڑوں کی فصل اگتی رہے….(آمین یا رب العالمین)

Asad Mehmood Mughal

Asad Mehmood Mughal

تحریر: اسد محمود مغل