ممبئی (جیوڈیسک) انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 2017ء میں ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ کیچ چھوڑنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی دنیا بھر میں اپنی بہترین بلے بازی کے ساتھ ساتھ بطور عمدہ فیلڈر بھی جانے جاتے ہیں۔ 2017ء میں ویرات کوہلی نے کئی بیٹنگ ریکارڈز تو اپنے نام کیے لیکن اگر ان کی فیلڈنگ کی بات کی جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ سال ان کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا ہے۔
2017ء میں ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز چھوڑنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ کوہلی کپتان ہونے کے باوجود عمومی طور پر سلپ میں فیلڈنگ کرتے نظر آتے ہیں جبکہ سلپ فیلڈنگ کو ایک مخصوص فیلڈنگ پوزیشن سمجھا جاتا ہے اور اس کے لیے ٹیم میں کچھ کھلاڑی مختص کیے جاتے ہیں۔