ملتان (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جلسوں میں کاغذ لہرانے والوں نے کوئی ثبوت نہیں دیا۔ عمران خان کے پاس آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ نہیں جبکہ اعتزاز احسن نے بھی ایل این جی کے ذریعے اربوں روپے کمائے جن کا احتساب ہونا چاہیے تاہم بجلی کی بہتر صورتحال کے باوجود حریفوں کا احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کے میپکو آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ ائندہ سال اکیس ہزار میگاواٹ تک بجلی کی پیدوار پہنچا کر لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے لیکن بجلی کی بہتر صورتحال کے باوجود پیپلز پارٹی اور سیاسی حریفوں کے احتجاجی مظاہرے ملکی ترقی کیخلاف سازش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں ایک میگاواٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی گئی جس کی وجہ سے بجلی کا نظام وینٹی لیٹر پر چلا گیا جس کو بحال کرنے کیلیے بکھی پاور پلانٹ جیسے کئی منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس موقع پر عابد شیر علی نے عمران خان اور اعتزاز احسن پر بھی خوب تنقید کی اور سی پیک منصوبے کو میاں نواز شریف کی کا میابی اور نئے بلوچستان کی بنیاد قرار دیا،پاناما کیس سے نوازشریف اور ان کے بچے سرخرو ہوں گے۔
مریم نواز نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا،ہم نے کسی جج کے خلاف بات نہیں کی،ہم نے تین نسلوں کے ساتھ بزرگوں کی قبروں کا حساب بھی دے دیا ہے جبکہ آئی آیس پی آر کی پریس ریلیز کے حوالے سے سوال پر عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم نے چوہدری نثار علی خان کو اس کا جواب دینے کے احکامات دے دئیے ہیں۔