کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وژن 2025 ء ایکشن پلان کے تحت صوبہ سندھ کے تمام اضلاع کے لیے ماسٹر پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور اگر پیپلز پارٹی کی حکومت 2025 تک اقتدار میں رہی تو صوبہ سندھ کواقتصادی لحاظ سے مکمل خود کفیل بنا دیا جائے گا۔
جہاں ہر شہری کو تعلیم، صحت، روزگار،صحت و صفائی،پینے کے صاف پانی، توانائی جیسی سہولتیں میسر ہوں گی اور کوئی بنیادی حقوق سے محروم نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے چیف منسٹرہاؤس میں وژن 2025 کے لیے۔
ڈیولپمنٹ ایکشن پلان کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قومی تعمیراتی محکموں کے تمام سربراہوں نے شرکت کی اور اپنی تجاویز دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 2025 تک صوبے کو ملیریا، ہیپاٹائٹس، ٹی بی او دیگر موذی امراض سے پاک کرنے۔
پانی کے ذخائر کو محفوظ کرنے اور بڑھانے، خوراک کے تحفظ کیلیے جدید میکانائزڈ کاشتکاری کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے، نجی و سرکاری شعبے میں صنعتکاری کے فروغ، لوگوں کو جدید مواصلاتی سہولیات مہیا کرنے اور باالخصوص خواتین کو روزگار کے مواقع دے کر انھیں مالی لحاظ سے خود مختیار بنانے اور ہر ایک فرد کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔