این اے 250 میں 19 مئی کوری پولنگ ، اسٹیشنز میں فوج تعینات ہوگی

Polling

Polling

کراچی(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے کراچی میں حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر 19 مئی کو دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کردیا ، جبکہ اس موقع پولنگ اسٹیشنز میں فوج بھی تعینات کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے ، دوسری طرف لودھرا میں حلقہ این اے 154 لودھراں میں بھی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا ہے۔

کراچی میں این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی اور تاخیر سے پولنگ شروع ہونے کے سبب انتخاب کالعدم قرار دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان پولنگ اسٹیشنوں پر 19 مئی کو دوبارہ پولنگ ہو گی۔

سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 112 اور پی ایس 113 میں بھی انہی پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو گی۔ دوبارہ پولنگ کے لیے بیلٹ پیپرز کے رنگ تبدیل کر دیئے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے سبز کے بجائے سفید اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید کے بجائے سبز بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا۔

ادھر لودھراں میں حلقہ این اے 154 سے تحریک انصاف کے امیدوار جہانگیر ترین کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ افسر کو ہدایت جاری کر دی ہے۔