کراچی(جیوڈیسک)مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں حلقہ این اے250 کے 43 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کا بائیکاٹ کردیاہے۔ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ امین شہیدی کا کہنا ہے کہ مخصوص اور محدود سوچ رکھنے والے گروپوں کو انتخابات میں کامیاب کرایا گیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ ملک بھر میں جہاں جہاں مجلس وحدت مسلمین کے امید وار کھڑے تھے ان کو زدوکوب کیا گیا اور نتائج تبدیل کیے گئے۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور دھاندلی کے عالمی ریکارڈ بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھاکہ مجلس وحدت مسلمین نے مستحکم پاکستان کے خاطر عام انتخابات میں شرکت کی تھی اور انتخابات میں مخصوص اور محدود سوچ رکھنے والے گروہوں کو انتخابات میں کامیاب کروایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات فری تو تھے لیکن ان کو فیئرکہنا ووٹرز کی تذلیل کے مترادف ہے۔ملک بھر میں جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہیں فوج کی نگرانی پر ان پہ دوبارہ انتخابات کرائیں جائیں۔