لاہور کی خبریں(جی پی آئی)16-01-2013

وزیراعلیٰ پنجاب نے بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں امتحانات میں نقل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک نجی ٹی وی پر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بی اے/ بی ایس سی کے امتحانات کے دوران نقل کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن، ایس ایس پی طارق نواز ملک اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی کو فوری طور پر ملتان پہنچ کر امتحانات کے دوران نقل کے واقعہ کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انکوائری کمیٹی تحقیقات کے بعد 3 روز کے اندر اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میٹرو بس پراجیکٹ 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے، کرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا: وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے اور مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ کے ذریعے عوام کو انتہائی آرام دہ، باکفایت، تیز رفتار اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس منصوبے میں ٹھیکیداروں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ میٹرو بسیں پہلے دو ہفتے عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی۔ بس کاکرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا۔ میٹرو بس کیلئے جدید ای ٹکٹنگ سسٹم سے عوام کو سہولتیں ملیں گی۔ 9 کلومیٹر طویل فلائی اوور فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ منصوبے پر دن رات ایک مشن کے تحت کام جاری وساری ہے۔ وہ میٹرو بس پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عوام کی سہولت کے لئے بہت جلدجدید و آرام دہ میٹرو بسیں رواں دواں ہوں گی۔مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کو پنجاب حکومت اپنے وسائل سے مکمل کررہی ہے اور یہ منصوبہ 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ ترکی میں میٹروبس پراجیکٹ اڑھائی سال میں مکمل کیاگیا۔ بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے اوریہ عظیم الشان منصوبہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس کا کامیابی سے آزمائشی طور پر اجرا کیاگیا اور شہریوں نے آزمائشی اجراکوجس قدر سراہا ہے ،مجھے پورا یقین ہے کہ جب میٹروبسیں باقاعدہ طور پرچلنا شروع ہوں گی تو عام آدمی کے ساتھ اشرافیہ بھی ان بسوں پر سفر کرنے میں فخر محسوس کرے گی۔میٹروبس منصوبہ ایک مشنری جذبے کے تحت شروع کیاگیاہے اور اسی عزم کے ساتھ اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجارہاہے۔میٹروبس سروس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا ایسا تاریخی کارنامہ ہے جس سے شہریوں کو آرام دہ ، محفوظ ، تیزرفتار اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی اور میرا ایمان ہے کہ ہمارا یہ عظیم الشان منصوبہ عوام کوسفری تکالیف و مشکلات سے نجات دلائے گا۔مسافروں کی سہولت کے لئے بس سٹیشنوں پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام نظام جدید الیکٹرانک سسٹم کے ساتھ منسلک کیاجارہاہے جبکہ سٹیشنز پر کنٹرول روم قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ میٹروبس کے اجرا سے شہری طویل سفر انتہائی کم وقت میں آرام دہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے طے کرسکیں گے جس سے ان کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسکلیٹرز (Escalators)کی تنصیب کا کام جلد سے جلد مکمل کیاجائے اور سٹیشنز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کے کام کو مقررکردہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔وزیراعلیٰ نے میٹرو روٹ کے ساتھ ساتھ ہارٹی کلچراور لینڈ سکیپنگ کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع کی لاکھوں ایکڑ اراضی سیم زدہ ہو چکی ہے: ذوالفقار کھوسہ
لاہور(جی پی آئی)سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ وفاق کی عدم توجہ کے باعث ڈیرہ غازی خان کینال کوپختہ نہ کئے جانے کی وجہ سے ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور کی لاکھوں ایکڑ انتہائی زرخیز اراضی سیم زدہ ہو کر ناقابل کاشت ہو چکی ہے ـ اگر وفاق نے جلد کوئی اقدام نہ کیا تو مزید علاقے سیم کا شکار ہو جائیں گے ـ انہوں نے یہ بات آج یہاں اپنے دفتر 90 شاہراہ قائد اعظم پر ملاقات کے لئے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ـ انہوں نے کہا کہ تونسہ بیراج کی تعمیر55 سال قبل کی گئی تھی اور اس میں سے دو نہریں ڈیرہ غازی خان کینال اور مظفر گڑھ کینا ل نکالی گئی تھیں مگر اس وقت کے ماہرین نے اس میگا پراجیکٹ میں ڈرینج کا منصوبہ اول تو رکھا ہی نہیں تھا اور اگر رکھا بھی تھا تو اب تک مرکزی حکومت اور محکمہ واپڈا کے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ نہ دینے کے باعث ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پورکے اضلاع سیم کا شکار ہوتے چلے جار ہے ہیں اور اب تک لاکھوں ایکڑرقبہ تباہ ہو چکا ہے ـ سینیٹر سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ وفاق نے 55 سال گزرجانے کے بعد مظفر گڑھ کینال کی پختگی کا فیصلہ کیا ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف پانی کا رساؤ( Seepege) ختم ہو جائے گابلکہ آخری سرے تک پانی کی ترسیل بھی ممکن ہو سکے گیـ اس منصوبے کے تحت ڈرینز بھی بنائی جا رہی ہیں جو سیم کے خاتمے کا واحد ذریعہ و طریقہ ہیں ـانہوں نے کہا کہ وفاق کا یہ فیصلہ قابل تحسین ہے اور و ہ وفاق کے اس اقدام پرانتہائی خوش ہیں اور اس فیصلے کو احسن اقدام قرار دیتے ہیں مگر یہی فیصلہ ڈیرہ غازی خان کے حق میںنہ کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع کے حالات ونقصانات یکساں ہیں تو پھر ان کا علاج بھی یکساں ہی ہونا چاہیے ۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ضلع کے مسائل مظفر گڑھ سے زیادہ خراب ہیں اور وفاق کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں مگر وفاقی حکومت اور واپڈا اس ضلع کے مسائل کو یکسر نظرانداز کئے ہوئے ہے جو علاقے کے عوام کے ساتھ سرا سر زیادتی ہےـ انہوں نے وفاقی حکومت اور واپڈا سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ غازی خان کینال کی پختگی ،ڈرینج سسٹم بنانے اور اس سے متعلق دیگر مسائل کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے جائیں تا کہ علاقے کے کا شتکار اور عوام سکھ کا سانس لے سکیںـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ سخت قابل مذمت کرتے ہیں :رانا تنویر ناصر
لاہور( جی پی آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رانا تنویر ناصر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ سخت قابل مذمت ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں بھارت نے ہمیشہ پرامن ماحول خراب کیا اس کی کسی با پر یقین نہیں کیا جا سکتا ، بھارت کا مقابلہ کرنے کے لئے ساری پاکستانی قوم متحد ہے، ہم کشیدگی نہیں چاہتے مگر اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں پاکستان کو کمزور سمجھنے والے عقل کے اندھے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سپریم کورٹ کا رینٹل پاور کیس کے ملزمان کے خلاف فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ سپریم کورٹ کا رینٹل پاور کیس کے ملزمان کے خلاف فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ عدلیہ نے آزادی کے ساتھ آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے کام کرنا ہوتاہے ٹائمنگ یا مس ٹائمنگ کا سوال پیدا نہں ہوتا ۔ صدر آصف علی زرداری آئینی ، سیاسی اور جمہوری بحران کے ذمہ دار ہیں ۔ زرداری ڈاکٹرائن نے پارٹی، جمہوریت اور عوامی اعتماد کو پامال کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ کی آزادی اور فیصلوں کو تسلیم کرنے کے بجائے توہین عدلیہ کا ہر حربہ استعمال کیا ہے ۔ حکومت کے پاس مہلت عمل بہت کم ہے۔آئین ، عدلیہ ، جمہوریت کی پامالی کی بجائے بلاتاخیر انتخابات کا اعلان کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کا عوامی مارچ ،اسلام آباد میں دھرنا اور شرکا دھرنا کا شدید سردی کے باوجود سڑک پر رہنا کامیاب شو ہے لیکن احتجاج کی ٹائمنگ نے خود شکوک و شبہات پیدا کردیے ہیں ۔ عوام پانچ سال حکومتی عذاب کو جھیلنے کے بعدانتخابات کی طرف جارہے ہیں ۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں سے مہنگائی ، بدامنی ، بے روزگاری ، بجلی ، تیل ، گیس ، سی این جی بحران اور کرپشن کے ظالمانہ اسلوب کا انتقام لیناچاہتے ہیں ۔ ملک میں عام انتخابات ، آئین اور عدلیہ کے تحفظ کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بحرانوں میںگھرا ہوا ہے ۔ بھارت پاکستان پر ضرب کاری لگانے کی تیاری کررہاہے ۔ امریکہ ، اسرائیل اور بھارتی گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف فعال ہو چکاہے ۔ جماعت اسلامی کا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ایڈوائس جاری کردیں اور آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابی عمل کی تکمیل کی جائے ۔فوج اور سول اسٹیبلشمنٹ ایوب خان ، ضیاء الحق ، یحییٰ خان اور پرویز مشرف والا راستہ اختیار نہ کریں ۔ عوام کو آئین کے مطابق بروقت آزادانہ ، غیر جانبدارانہ انتخابات دلانے کے لیے اپنا تبدیل شدہ مثبت کردار ادا کریں ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے ، الیکشن کمیشن کو آزاد بااختیار اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے لیے انتظامیہ ، عدلیہ اور سیاسی و جمہوری قوتیں پشتی بانی کریں امن عامہ کو یقینی بنائیں۔ قومی اتفاق رائے کی نگران عبوری حکومت قائم کی جائے ۔ کراچی کے عوام کو ظلم ، جبر، بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ سے نجات کے لیے ایم کیو ایم کی سرپرستی ختم کی جائے پورے ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد ہوں ۔ بلوچستان ، فاٹا ، خیبر پختونخوا میں فوجی آپریشن ختم کیا جائے ۔ مردو خواتین کو آزادانہ طریقہ سے انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کا حق ملناچاہیے۔ ہم نے پارلیمنٹ سے باہر رہ کر حکمرانوں کی نااہلی او ر کرپشن کیخلاف جدوجہد جاری رکھی ہے، اب انتخابات کا مرحلہ ہے ۔ ہمارا ایک ہی موقف ہے کہ ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے ڈی ٹریک نہیں ہوناچاہیے ۔دریں اثنا ڈاکٹر طاہر القادری کے نائب آغامرتضیٰ پویا نے لیاقت بلوچ کو فون کیا اور جماعت اسلامی سے اپیل کی کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا جائے ، تاریخ ساز تحریک کامیابی کی منزل کی طرف جارہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے علاوہ مولانا فضل الرحمن اور علامہ ساجد علی نقوی سے بھی اپیل کی ہے کہ دھرنا احتجاج میں شریک ہو جائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہمیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاج ، عوامی مارچ ، دھرنا اور مطالبات سے کوئی اختلاف نہیں ۔ ہم نے پارلیمنٹ سے باہر رہ کر پانچ سال تک مسلسل حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے خلا ف جدوجہد جاری رکھی ہے ۔ گو امریکہ گو تحریک کے ذریعے تمام اینٹی امریکہ جذبات کو متحد کیاہے اور پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آٹے کی قلت اور گرانی حکمرانوں کے لیے لمحہ ٔ فکریہ ہے:ڈاکٹرفرید احمد پراچہ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ آٹے کی قلت اور گرانی حکمرانوں کے لیے لمحہ ٔ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گڈ گورننس کے دعوئوں کے باوجود دکانوں پر آٹا دستیاب نہیں اور آٹے کی قیمت44 روپے فی کلو سے بھی بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے تو رزق کے خزانے عطا کرنے میں کوئی کمی نہیں کی لیکن ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں نے اپنے مفاداتی شکنجے کس کر عوام کو نانِ شبینہ سے بھی محروم کر دیاہے ۔ انہوں نے مرکزی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آٹے کی قلت اور عدم دستیابی کا فوری نوٹس لیں اور مصنوعی مہنگائی کا موثر سدباب کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پنجاب میںگندم کی قیمت میں50روپے من اضافہ تشویشناک ہے ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وجوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں پنجاب حکومت کی طرف سے 50روپے من اضافہ تشویشناک ہے گندم کی قیمت میں اضافہ کا کوئی جواز نہ ہے پنجاب حکومت کے پاس وافر مقدار میں گندم موجود ہے اور پبلک اکائونٹس کمیٹی ون کے اجلاس میں سیکرٹری فوڈ نے یہ اعتراف بھی کیاہے کہ حکومت پنجاب کے پاس گندم ذخیر ہ کرنے کے گنجائش نہ ہے اس لیے ہر سال حکومتی سطح پر مقررکردہ خریداری ٹارگٹ سے کم گندم کسانوںسے خریدی جاتی ہے اور گو سلو پالیسی اختیارکی جاتی ہے اس طرح کسانوں کے ساتھ بھی زیادتی ہورہی ہے اور وہ اپنی گندم اونے پونے داموں بیوپاریوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔میاں کامران سیف نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی دور میں آٹے کے قیمتیں کنٹرول میں تھیں کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جاتا تھا اور صوبہ خوشحال تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر گندم کی قیمت بڑھانے کے بعد آٹے کی حکومتی قیمت مقرر نہ ہونے سے پنجاب میں غریب عوام کا استحصال ہورہا ہے او ر وہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور گندم کی قیمت میں اضافہ واپس لے اور آٹے کی قیمت کو دوبارہ واپس پرانی سطح پر لایا جائے تاکہ سفید پوش عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے میاں منیر ہانس کو اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کا ممبر بورڈ آف گورنر نامزد کردیا
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اوورسیز پاکستان کمیونٹی کیلئے دی جانے والی خدمات کے عوض پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کے صدر میاں منیر ہانس کو اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کا ممبر بورڈ آف گورنر نامزد کر دیا۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ میاں منیر ہانس پاکستان ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر کونسل یو اے ای کے چیئرمین و پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر بھی ہیں ۔ میاں منیر ہانس نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے جبکہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے،الیکشن وقت پر کرائے جائیں ۔جماعت اسلامی پنجاب

لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ رینٹل پاور کیس میں سپریم کورٹ کا وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت19افراد کی گرفتاری کا فیصلہ بالکل درست اور آئین و قانون کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اور ڈاکٹر طاہر القادری کا دھرنا دونوں کا آپس میں گڈمڈ کرنا درست نہیں ہے ۔سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔اس سے کرپٹ عناصرکی حوصلہ شکنی ہوگی اور ملک سے کرپشن کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ گھمبیراور تشویشناک صورتحال سے نکلنے کا واحد حل یہ ہے کہ الیکشن وقت پر کرائے جائیں۔الیکشن کی تاخیر کو پاکستان کی دینی اور سیاسی جماعتیں کسی صورت قبول نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ بعض نادیدہ قوتیں الیکشن میں تاخیر چاہتی ہیں جوکہ ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قاضی حسین احمد مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجتماعات اور دعائے مغفرت
لاہور(جی پی آئی)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی آج لاہور پہنچ گئے ہیں ۔ جامع مسجد منصورہ میں تعزیتی نشست میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں اور اہالیان منصورہ نے آصف لقمان قاضی سے اظہار تعزیت کیا اور قاضی حسین احمد کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی۔دریں اثنااسلامک سرکل آف جاپان کے زیر اہتمام گزشتہ روز دارارقم مسجد اساکوسا میں قاضی حسین احمد اور نائب امیر پروفیسر غفور احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا ۔ ریفرنس میں جاپان میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مقررین نے قاضی حسین احمد اور پروفیسر غفور احمد کی ملت اسلام کے لیے جدوجہد کو سراہتے ہوئے ان کی رحلت کو عالم اسلام کا بہت بڑا نقصان قرا ر دیا۔سلطنت عمان کے مفتی اعظم الشیخ احمد بن حمد الخلیلی نے بھی تعزیتی پیغام ارسال کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد کی وفات عالم اسلام کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے ۔ تنظیم اسلامی ڈنمارک نے قاضی حسین احمد کی یاد میں کوپن ہیگن میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں شہر کی نمایاں شخصیات کے علاوہ کمیونٹی کے بیسیوں افراد نے شرکت کی ۔ صدر تنظیم اسلامی ڈنمارک فاروق اعظم راٹھور نے قاضی حسین احمد کی ہمت و جرأت اور مشن کے ساتھ سچائی اورحق کے ساتھ وابستگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قاضی حسین احمد سچائی اور حق کے علمبردار تھے ۔ڈنمارک کے معروف سکالر ڈاکٹر فواد البرازی نے کہاکہ قاضی حسین ا حمد کی وفات سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ ایک پرجوش اور پرامید رہنما سے محروم ہو گئی ہے ۔ اسلامک سرکل آف ناروے میں بھی قاضی حسین احمد کی وفات پر تعزیتی اجتماع منعقد جس میں میاں وقاص حمید و دیگر پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ اجتماع میں قاضی حسین ا حمد کی دینی و ملی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مالی سال 2011-12 کا سرکاری قرضہ 2700 ارب روپے سے تجاوز کر نے پر تشویش ہے:زمرد یاسمین رانا
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ مالی سال 2011-12 کا سرکاری قرضہ 2700 ارب روپے سے تجاوز کر نے پر تشویش ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قرضے حاصل کر کے کوئی ریاست نہیں چلائی جا سکتی ، ریاست چلانے کے لئے ہمیں اپنے وسائل استعمال کرنے چاہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قرضے لینے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا گزشتہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر انہوں نے 6600 ارب اضافہ ہوا۔ اگر ہم خود انحصاری کا کلچر فروغ دیتے تو ہمیں قرضہ نہ لینا پڑتا، قرضے سے کوئی بھی حکومت کام نہیں کر سکتی اسے ہر وقت قرضہ اتارنے کی فکر رہتی ہے۔