کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی طور پر 34 ممالک کے اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہئے، حکومت کو چاہئے کہ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز پر 34 ملکی اتحاد میں شرکت کے حوالے سے اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما ومشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں 34 ممالک کے اتحاد کے بعد پاکستان میں تبدیل ہوتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 34 ملکی اتحاد میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کو غیرجانبدار رہنا چاہیے] آج علماء نے ایک ساتھ ہاتھ ملا کر اس قرارداد کی منظوری دی ہے کہ پاکستان کو اس کا حصہ نہیں بننا چاہئے، وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔