کراچی (جیوڈیسک) امریکی سفارت خانے کے بیوروآف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئر پاکستان (آئی این ایل اے پی) کے ایک 4 رکنی وفد نے سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی سندھ غلام احمد جمالی سے ڈائریکٹر آئی این ایل پاکستان البرٹو روڈرجز کی سربراہی میں ملاقات کی۔
وفد نے شہر کے مختلف علاقوں کی سرویلنس اور مانیٹرنگ کے ضمن میں سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مزید تقویت دینے اور اس کے دائرے کو وسعت دینے جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر باہمی سمجھوتے کی ایک یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق شہر میں منتخب کردہ 400 نئے مقامات پر 2 ہزار سے زائد سرویلنس کیمرے نصب جائیں گے جبکہ کراچی میں زونل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے جو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او سے براہ راست منسلک ہوں گے۔