کوالا لمپور (جیوڈیسک) آسمان کھا گیا، یا زمین نگل گئی، 48 گھنٹے سے لاپتا ملائیشیا کے مسافر طیارے کی تلاش جاری ہے، ملائیشیا کے بادشاہ نے متاثر ہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ویت نام کے قریب لاپتا ہونے والے ملائیشیا کے طیارے کی کثیرالملکی سرچ اینڈ ریسکیو کوششیں جاری ہیں، جس میں 7 ملکوں کے 37 ہوائی جہاز اور 40 سے زائد بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔
بوئنگ کمپنی اور دیگر امریکی ایجنسیوں کے نمائندے آج کوالالمپور پہنچیں گے۔ملائیشن ایوی ایشن کے سربراہ اظہر الدین عبدالرحمان کا کہناہے کہ طیارے کا ملبہ ابھی نہیں ملا۔ تحقیقات میں تمام ممکنات کا جائزہ لے رہے ہیں ، ہائی جیکنگ بھی خارج از امکان نہیں۔ کوالا لمپور سے بیجنگ جانے والے طیارے MH370میں 239 مسافر سوار تھے، طیارے میں 153 چینی ،38 کا تعلق ملائیشیا، سات انڈونیشیا، سات آسٹریلیا، پانچ بھارت سے اور چار کا تعلق امریکا سے ہے۔ طیارے کے مسافروں کی فہرست میں شامل دو افراد چوری شدہ پاسپورٹوں پر سفر کر رہے تھے۔
چین کے متاثرہ خاندان کے افراد بڑی تعداد میں ملائیشیا پہنچ رہے ہیں ۔پیاروں کی یاد میں غم سے نڈھال لوگوں کی ڈھارس بندھاتے ہوئے ملائیشیا کے بادشاہ عبدالعلیم اور ملکہ حمینہ حامدن نے ہمدردی اور اظہار افسوس کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور پرواز کے ایک گھنٹے بعد 35 ہزار فٹ کی بلندی پر جا کر طیارہ لاپتا ہوگیا۔