اسلام آباد(جیوڈیسک)آج اور کل ملک بھر کے 49 شہروں میں صبح 6 سے رات دس 10 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی، وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ججز کالونی، بلوچستان ہاس اور اس کے ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد کارروائی کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ بلوچستان کے 10، خیبرپختونخواہ کے11، سندھ اور آزاد جموں کشمیر کے5، 5، پنجاب کے 14 شہروں میں 9 اور دس محرم کو صبح چھ سے رات دس بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔ جن شہروں میں موبائل سروس بند کی جائے گی ان میں لاہور، ملتان، سرگودھا، اٹک، راولپنڈی، جھنگ، رحیم یارخان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ جبکہ سندھ میں لاڑکانہ، خیرپور،حیدرآباد اور کراچی شامل ہیں۔ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، خضدار، تربت، گوادر، پنجگور، مستونگ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور حب جبکہ خیبرپختونخوا میں کوہاٹ، استرزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، نوشہرہ، ہری پور، چارسدہ اور مردان، آزادکشمیر میں مظفرآباد، کوٹلی،نیلم ویلی، راولاکوٹ اور میرپور اور گلگت بلتستان میں گلگت اور فاٹا میں کرم ایجنسی اور میران شاہ شامل ہیں۔ میران شاہ میں پی ٹی سی ایل فون بھی بند ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کو سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ عوام کو ڈرا نہیں رہا، انٹیلی جنس کی بنیاد پر خدشات کا اظہار کر رہا ہوں۔ اس سے قبل ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بارودی مواد کی نشاندہی کرنے والے کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ دھماکا خیز مواد نصب کرتے ہوئے پکڑے جانے والے کو مزاحمت کی صورت میں گولی مارنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔