کراچی (جیوڈیسک) بلوچستان کے ڈسٹرکٹ آواران میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں زخمی ہو نے والے 64 زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کے لئے کراچی منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بلوچستان کے ڈسٹرکٹ آواران میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث سینکڑوں افراد جان بحق اور افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے 64 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج معالجے کے لئے ایدھی ایمبولنسوں اور بس کے ذریعے کراچی میں واقع جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں میں بزرگ، مرد،خواتین اور بچے شامل ہیں،علاج کے لئے اسپتال منتقل کئے گئے افراد میں زیادہ تر افراد کو فریکچرز آئے ہیں جبکہ بعض خواتین زخمیوں کے پٹیاں بھی بندھی ہوئی ہیں۔ زخمیوں نے ذرائع سے گفتگو میں بتایا کہ متاثرہ علاقے میں علاج معالجے کی سہولیات ناکافی ہیں جبکہ کئی زخمیوں کو مناسب علاج بھی ابھی تک شروع نہیں ہو سکا ہے۔