کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری کے ہمراہ عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے شاہ فیصل کالونی نمبر4کے ڈی اے روڈ پر قائم شاہ فیصل زون کے مرکزی کنٹرول روم شاہ فیصل کالونی کے مختلف امام بارگاہوں کادورہ کرکے حفاظتی و بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،محکمہ انسداد تجاوزات سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے دورے کے موقع پر منتظمین امام بارگاہ اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے حفاظتی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر منتظمین نے علاقائی مسائل کے حل کے حوالے سے مثالی انتظامات پر بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ اور حق پرست قیادت کا شکریہ ادا کیا دورے کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کراچی کے صدر سید بدر علی ترمذی سے ملاقات کی اور اُن سے شاہ فیصل کالونی میں عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر بلدیاتی و سیکورٹی انتظامات پر گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر عزاداروں کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی اور جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کو بروئے کار لاکر شاہ فیصل کالونی میں مثالی ماحول کا قیام یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے عزادار تنظیموں امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا کہ جن کہ باہمی تعاون کے ذریعے عشرہ محرم الحرام کے دوران قیام امن ،اتحاد و بھائی چارگی اور علاقائی مسائل کے حل کو یقینی بنا یا گیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور کاوشوں کو بروئے لانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے انہوں نے منتظمین کو یقین دلا یا کہ انشا اللہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران بلا تعطل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کو ئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔