چیئرمین پیف نے پارٹنر سکول کی پارٹنر شپ منسوخ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا

Lahore

Lahore

لاہور : چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے جعلسازی کے ذریعے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی پارٹنر شپ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لیہ کے ایک نجی سکول نے اپنی درخواست کے ساتھ جو دستاویزات جمع کروائیںان میں جعلسازی کے ذریعے رولنمبر سلپس میں ردو بدل کیا گیا تھا۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے ریکارڈ سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ مذکورہ سکول نے جعلسازی کی ہے جس پر اسکی درخواست خارج کرنے کے ساتھ ساتھ چیئرمین نے یہ ہدایات جاری کر دیں کہ ضروری تصدیق اور قانونی آرا کے بعد اندراج مقدمہ کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے ایک پارٹنر سکول کے مالک نے اپنے فرنٹ مین کے ذریعے ایک اور سکول کھولنے کی کوشش کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے ایک سکول کے بچوں کو جعلسازی کے ذریعے دوسرے سکول کے بچے ظاہر کیے۔ شکایت کی وصولی پر چیئرمین پیف قمر السلام راجہ نے سپیشل مانیٹر کے ذریعے انکوائری کروائی جس میں الزامات کو درست پایا گیا۔ اس پر چیئرمین پیف نے پارٹنر سکول کی پارٹنر شپ منسوخ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔