مزید 8 افراد میں ڈینگی کی تشخیص، تعداد 278 ہو گئی

Dengue

Dengue

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں ڈینگی وبا پر قابو نہ پایا جاسکا مزید 8مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص، مریضوں کی تعداد 278 ہوگئی، انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی ٹیسٹ کے کیمپ قائم نہ ہوسکے ہنگامی مہم کے انعقاد میں غیر معمولی تاخیر سے شہریوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑگئی ذمہ داروں کے تعین کے لئے کوئی کمیٹی بھی قائم نہ ہوسکی، شہر اور کینٹ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، کئی مریضوں کے ٹیسٹ کی رپورٹس آنا باقی ہے الائیڈ ہاسپیٹلز میں ڈینگی مریضوں کے لیے قائم کی گئیں آئسولیشن وارڈز میں ڈینگی کے مریضوں کی غیر معمولی تعداد موجود ہے۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے ڈاکٹرز، پروفیسرز کو ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے پر مکمل فوکس کیا ہے

اس وقت ہولی فیملی ہسپتال میں 60 مریض زیر علاج ہیں جن میں 44 کے رزلٹ پازیٹو، 13 کی ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔ ڈی ایچ کیو میں 18 مریض ہیں۔کمشنر نے دنیا کے رابطے پر ڈینگی کے پھیلائو کے حوالے سے ذمہ داروں کے تعین کی کمیٹی کی تشکیل کی بابت پوچھے گئے سوال پر بتایاکہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم جاری ہے ابھی ڈینگی کنٹرول کرنے پر فوکس ہے اس پر قابو پالیں گے۔

شہر وکینٹ میں ڈینگی کے خلاف جاری مہم میں وفاقی اور پنجاب حکومت کے تمام ادارے حصہ لے رہے ہیں جن کی پراگر سس چیک کرنے کے لیے باقاعدگی سے کمشنر اور ڈی سی او کے دفاتر میں میٹنگز بھی جاری ہیں اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پراگرسس سے وزیرا علی پنجاب کے سیکرٹیریٹ کے آگاہ کیا جاتا ہے۔