لاہور (جیوڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج سے کی گئی کمی کی بدولت ملک میں پیٹرول کی قیمت 4 سال پہلے کی سطح پر آگئی ہے اوریہ سی این جی سے بھی سستا ہو گیا ہے۔ ڈیزل اورمٹی کے تیل کی قیمت میں بھی واضح کمی کردی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 11 روپے تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس سے ملک بھر کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ 7 روپے 99 پیسے کمی کے بعدپیٹرول کی نئی قیمت 70 روپے 29 پیسے ہو گئی جو ملک کے کسی بھی حصے میں سی این جی کے نرخوں سے کم ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل5 روپے 62 پیسے سستا ہوکر80 روپے 61 پیسے کا ہوگیا۔ایچ او بی سی کی نئی قیمت 80 روپے 31 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نوز شریف کا کہنا تھا کہ قیمت میں کمی سے صنعتوں اور کاشت کاروں کو خصوصی فائدہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول بحران کےزمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پنجاب کے شہریوں کا کہنا ہےکہ پیٹرول کی ترسیل بھی بلاتعطل جاری رہنی چاہیے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اسی تناسب سےکمی کی جائے اور جن چیزوں کی قیمت پیٹرول کے ساتھ بڑھتی ہے، اس میں بھی کمی لائی جائے۔ جی ہاں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 70 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔