کراچی (جیوڈیسک) قیوم آباد چورنگی پر نوسیٹر سی این جی رکشا کے غیر قانونی اسٹینڈ نے ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کر دیا، سیکشن آفیسر نے بھاری رشوت کے عوض ماتحت عملے کو غیر قانونی اسٹینڈ پر کھڑے ہونے والے رکشاؤں کو تحفظ فراہم کرنے پر مامور کر دیا جبکہ مذکورہ چوک پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔
ایس او ٹریفک کا کہنا ہے کہ وہ افسران بالا کو پیسے دے کر آیا ہے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا جبکہ ملنے والا بھتہ محکمے کے چھوٹے سے لے کر اعلیٰ افسر تک پہنچایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قیوم آباد چورنگی کے قریب بلوچ کالونی ایکسپریس وے اور ڈیفنس ویو جانے والے راستے پر زمان ٹاؤن ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسرکی سرپرستی میں قائم 9 سیٹر سی این جی رکشا اسٹینڈ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جہاں دن بھر ٹریفک جام میں گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں۔
سی این جی رکشا ڈرائیوروں کی غنڈہ گردی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اگر انھیں کوئی شہری ٹوک دے تو سب مل کر اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسے باور کراتے ہیں کہ وہ مفت میں نہیں کھڑے ہوئے ہیں، ٹریفک پولیس کو بھاری معاوضہ دیتے ہیں۔
اور ہمارا جہاں دل کرے گا وہیں پر رکشے کھڑے کریں گے جس کا جو دل چاہے کرلے،اس حوالے سے ایس او زمان ٹاؤن اشرف سومرو سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ پورے شہر کی سڑکیں بکی ہوئی ہیں اگر میں نے رکشا کھڑے کرا دیے تو کونسی قیامت آگئی۔
انھوں نے انتہائی ڈھٹائی سے کہا کہ کہاں پیسہ نہیں چلتا میں بھی خرچہ کرکے آیا ہوں وہ کہاں سے پورا کروں، صرف اکیلا میں ہی نہیں کماتا مختلف رکشا اسٹینڈز سے ملنے والے بھتے کی رقم درجہ بہ درجہ چھوٹے سے لے کربڑے افسر تک پہنچائی جاتی ہے۔
لوٹ کھسوٹ کے اس کاروبار میں سب کو حصہ ملتا ہے تو وہ خاموش رہتے ہیں ورنہ کوئی سڑک پر ایک رکشا کھڑا کر کے تو دکھائے، ایس او کے مطابق ٹریفک پولیس کی اس وقت سب سے بڑی آمدنی کا ذریعہ سی این جی اور چنگ چی رکشا اسٹینڈز ہیں جہاں سے روزانہ کی بنیاد پر صرف ٹریفک پولیس کو لاکھوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔
علاقہ پولیس اور دیگر افراد وہاں سے اپنا علیحدہ سے حصہ وصول کرتے ہیں،ڈیفنس ویو کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ قیوم آباد چورنگی پر ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں قائم نو سیٹر رکشا کے اسٹینڈ نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور وہاں سے گاڑی لے کر گزرنا محال ہوگیا۔
جبکہ سی این جی رکشا اسٹینڈ پر بے ترتیب کھڑے کیے جانے والے رکشوں کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، ڈیفنس ویو میں واقع نجی یونیورسٹی میں آنے والے طلبا کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ڈیفنس ویو روڈ سے قیوم آباد چورنگی کی جانب جانے کے انتظار میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہے اور یہ سلسلے تقریباً دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہتا ہے جبکہ زمان ٹاؤن ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار خوش گپیوں میں مصروف رہتے ہیں۔