لندن (جیوڈیسک) بلند ہمتی، پختہ عزم اور جذبے کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور یہ بات برطانیہ کے 94 سالہ دادا ابانے حال ہی میں ثابت کر دکھائی ہے۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 94 سالہ ٹام لاکی نے دوہرے پر والے طیارے پر کھڑے رہ کرونگ واکنگ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
اور جبل الطارق کی چٹان کے گرد دو چکر لگائے۔ مہم جو دادا ابا جان لاکی میکینکل لفٹ کی مدد سے بوئنگ اسٹیئرمین نامی طیارے پر سوار ہوئے جہاں انکا جسم حفاظتی بیلٹ کی مدد سے طیارے کے پَر وں سے جکڑ دیا گیا۔
لاکی نے جواں ہمتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں فٹ کی بلندی پر اپنی پرواز کا آغاز کیا اور 25 منٹ تک طیارے کیساتھ اُڑان بھرتے ہوئے جبل الطارق کے گرد دو بار چکر لگائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال 93سال کی عمر میں ونگ واکنگ کرنے والے ٹام لاکی کا نام دنیا کے معمر ترین ونگ واکر کی حیثیت سے گینز ریکارڈ بکس میں درج کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی یہ اعزاز انہی کے پاس تھا جو انہوں نے 85 سال کی عمر میں اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد انہیں خراجِ تحسین دینے کیلئے پیش کیا تھا۔