وزیرآباد کی خبریں 21/9/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری منظور چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے نمایاں اقدامات اٹھا رہی ہے ، تعلیمی نظام کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اسی کا ثبوت ہے کہ آج غریبوں کے بچے تعلیمی میدان میں ٹاپ کررہے ہیں۔ پاکستان بننے سے لیکر آج تک کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جس نے میرٹ کا بول بالا کیا ہو۔میاں نواز شریف اور ان کی ٹیم کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ غریب خاندانوں کے نوجوان بھی میرٹ کے ذریعے قومی اداروں میں اعلیٰ افسر بن کر ملک وقوم کی خدمت کرسکتے ہیں جو پہلے کبھی ممکن نہ تھا اب نوکریاں فروخت ہونے کا تصور بھی نہیں ذہن میں لایا جاسکتا ۔سکولوں،کالجوں کی اپ گریڈیشن کے علاوہ تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے کروڑوں کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کم سن بچوں سے مشقت لینے پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے غریب کے بچوں کیلئے تعلیم کو مفت کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی میدان میں بہتری لا کر ترقی کے زینوں پر چڑھتے جارہے ہیں، برصغیر میں مسلم حکومتوں کے زوال اور دنیا سے پیچھے رہ جانے کی بڑی وجہ یہی تھی کہ انہوں نے تعلیم کی جانب توجہ نہ دی، غیر قومیں تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں بناتی تھیں جبکہ مسلمان بادشاہ اپنے محلوں سجاتے سنوارتے رہے اور بڑی بڑی جاگیریں بناتے رہے۔ اب ذہن تبدیل ہوچکے ہیں لوگ سمجھ چکے ہیں کہ ترقی کا واحد رستہ تعلیم سے شروع ہو کر تعلیم پر ہی ختم ہوتا ہے۔ شوکت منظور چیمہ نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے نوجوان نسل کا سیاست میں اِن ہونا ضروری ہے جس طرح ایک ماں بچے کو جنم دیکر اس کی پرورش کرتی ہے اسی طرح ریاست اپنے جوانوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیتی ہے آج کے بچے کل کے روشن پاکستان کے ضامن ہیں۔انہوں نے مقامی سطح پر کام کرنے والی یوتھ ونگز کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا تنظیموں کی تشکیل نو کیلئے بہت جلد کام شروع ہوگا۔کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں کئے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام الناس کی صحت کے مختلف منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے سرکاری ہسپتالوں میں سخت مانیٹرنگ کی وجہ سے عام آدمی کو علاج معالجہ میں درپیش مشکلات کاخاتمہ کرتے ہوئے مفت علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں ان ڈور سروسز چالو نہ ہونے کی بڑی وجہ قابل ڈاکٹروں کا وزیر آباد جیسے چھوٹے علاقہ میں کام کیلئے رضا مند نہ ہونا ہے اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میںوہ بطور سنیئر ممبر شامل ہیں دیگر اراکین میں وفاقی وزیرخرم دستگیر اور چیئرمین پی اینڈ ڈی بھی شامل ہیں۔2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ کے علاوہ کارڈیالوجی کے مسائل بھی حل ہوچکے ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآ باد (عقیل احمد خان لودھی) گیپکو میں جاری گرینڈ آپریشن میں تیزی مزید36بجلی چور پکڑے گئے ،11لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بِل جاری، ایک کے خاف ایف آئی آر درج،چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم کی ہدایات کے مطابق گیپکو میں جاری حالیہ گرینڈ آپریشن کے دوران مزید36بجلی چوروں کو11لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بِل ڈالے گئے۔ ریجن بھر میں لائنوں پر ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر، میٹروں میں سوراخ اور دیگر مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والے تمام بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کیلئے درخواستیں دی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) نظام آباد ہائی سکول عملہ کی سیکیورٹی خدشات کی آڑ میں شریف شہریوں کی تذلیل،طالبات کے علاوہ پک اینڈ ڈراپ کرنے والے لواحقین کیساتھ بدتمیزی معمول۔ شہریوں کا اعلیٰ حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ گورنمنٹ بوائزہائی سکول نظام آبادجہاں پر سیکنڈ ٹائم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کلاسز بھی لگتی ہیں، سکول میں آنے والی طالبات کو بلا وجہ بلا جواز سیکیورٹی چیکنگ کی آڑ میں ذلیل وخوار کیا جاتا ہے۔ گیٹ پر کھڑے گارڈز طالبات کیساتھ بدتمیزی کرتے ہیں ۔شہریوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ادارہ کے ہیڈ ماسٹر کو شکایت کی جائے تو وہ بھی معاملہ کو سنجیدہ لینے کی بجائے عملہ کی حمایت کرتے ہیں۔ طالبات کا کہنا ہے کہ مقامی سکول انتظامیہ اس طرح کے غیر اخلاقی ہتھکنڈوں سے ماحول خراب کرکے طالبات سے گھر کی دہلیز پر بننے والے یونیورسٹی کے تدریسی سینٹر کو ناکام بنا کر یہ سہولت ختم کروانا چاہتی ہے۔ طالبات اور ان کے والدین نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) ڈنڈوں اور گنڈاسوں کی سیاست مسلم لیگ (ن) کا خاصہ نہیں ہے۔ یوتھ ونگ کی آڑ میں انتشار اور تشدد کے رویے ظاہر کرنے والے مسلم لیگ کے وہ نادان دوست ہیں جو دشمنوں سے زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگی رہنما عمران سنی کمبوہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدین ان غلط فیصلوں یا اعلانات کی کسی صورت حمایت نہیں کرتے ۔ ڈنڈے اور گنڈاسے اٹھا کر قانون ہاتھ میں لینے کی باتیں کرنے والے انفرادی حییثیت میں سستی شہرت کی غرض سے بیانات دے رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) خالصتاََ جمہوری جماعت ہے جو غیر جمہوری اعمال پر یقین نہیں رکھتی پارٹی کے نام پر کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے والا اس کا خود ذمہ دار ہوگا اور اس کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔عمران سنی نے کہا کہ ہم ملکی ترقی کیلئے میدان عمل میں ہیں ملکی ترقی کیلئے اپنے قائدین کے ایک اشارے پر جان دینے کیلئے بھی حاضر ہیں ۔ترقی کی راہیں روکنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ دھرنوں کا روناروتے رہتے ہیں