نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات کی۔ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنےکی یقین دہانی کرا دی۔
انہوں نے کہا کہ چین مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے تاہم پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے چین اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ چینی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور چینی کارکنوں کے تحفظ کیلئے وافر وسائل مہیا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے چینی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جہاں آج وزیر اعظم نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔