کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان نے نو وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کو 116 رنز کا ہدف ملا تھا جو گرین شرٹس نے 15 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا یہ پہلا میچ تھا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ملنے والے ٹارگٹ کے جواب میں اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان اور خالد لطیف اوپنرز کی حیثیت سے کریز پر پہنچے۔ ویسٹ انڈیز کی نصف ٹیم نے 22 رنز بنائے تھے، جبکہ شرجیل نے اکیلے ہی 17 گیندوں پر 22 رنز بنالئے۔
شرجیل کے بعد بابر اعظم اور خالد لطیف نے شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے بالترتیب 55 اور 34 رنز بنائے جبکہ پانچ رنز ایکسٹرا بنے۔
اس سے قبل میچ کے آغاز پر پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا تو مخالف ٹیم کے اوپنر زایون لیوس اور جانسن چارلس نے دونوں اینڈ سنبھالے۔ لیکن، تقریباً آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے تک کوئی بڑا اسکور نہ بن سکا۔
ایون لیوس نے تین بالوں پر صرف ایک رن اور جانسن نے سات بالوں پر سات رنز بنائے۔آندرے فلیچر نے دو اور سیمولز نے چار رنز بنائے۔
ٹیم کا اسکور اس وقت کچھ بہتر ہونا شروع ہوا جب ڈی جے براوو کریز پر پہنچے اور ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 بالز پر 55 رنز بنائے۔ انہیں سہیل تنویر کی گیند پر عمر اکمل نے کیچ آؤٹ کیا۔
براوو کے بعد نیکولس پورن آئے۔ تاہم، وہ بھی صرف پانچ رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
کیرون پولارڈ نے نو، بریتھ ویٹ بغیر کوئی رن بنائے، سنیل نارائن ایک رنز اور جیروم ٹیلر نے 21 رنز بنائے جبکہ سیموئل بدری آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ لیکن، انہوں نے بھی صرف ایک رن اسکور کیا۔
پاکستانی بالرز میں عماد وسیم نے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سہیل تنویر دو، حسن علی اور محمد نواز ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔